تو صاحب اگر آپ چاہتے ہیں کہ اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا جائے اور… اور اس لئے کیا جائے کہ آپ کے ننھے منھے صبح صبح کی ٹھنڈ میں اسکول جانے میں اب دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں تو… تو صاحب پھر اس کیلئے آپ کو بھی تھوڑی محنت تو کرنی پڑے گی… ایسا نہیں ہے اور… اور ایسا ہو بھی نہیں سکتا ہے کہ آپ نے چاہا اور اسکول بندہو گئے… آپ کی خواہش پر سرکار اسکول تو بند نہیں کر سکتی ہے کہ… کہ سرکار آپ کی خواہش کے تابع نہیں ہے بلکہ آپ سرکار کی خواہش کے تابع ہیں اور… اور اس لئے ہیں کیونکہ سرکار کی… محکمہ تعلیم کے سربراہ کی… ناظم تعلیمات کی خواہش ہے کہ ابھی اسکول بند نہ ہوں… ابھی سرمائی تعطیلات نہ ہوں اور… اور اس لئے نہ ہوں کیونکہ اسکولوں میں آپ کے ننھے منھے تالیاں بجاتے ہیں… وہ کھیلتے ہیں… تالیاں بجانے اور کھیل کود میں مصروف ہیں… اس سے محظوظ ہو رہے ہیں اور… اور ایک آپ ہیں کہ آپ اپنے بچوں کو گھروں میں قید کرنا چاہتے ہیں… ایسا ہمارا نہیں بلکہ ناظم تعلیمات کا ماننا ہے… لیکن…لیکن اگر آپ کو لگتا ہے کہ نہیں صاحب ایسا نہیں ہے اور… اور اب اسکولوں میںسرمائی تعطیلات ہونی چاہئیں تو… تو آپ بھی تھوڑی سی محنت اور مشقت کیجئے… زیادہ نہیں تھوڑی سی… بس اپنے بچوں کو ‘ اپنے ننھے منھوں کو سمجھائے ‘ انہیں سکھائے کہ اگر ان دنوںمیں ناظم تعلیمات کا گزر ان کے اسکول سے ہوا اور… اور خدا نخواستہ وہ اسکول کے اند داخل بھی ہو ئے تو… تو ان کو دیکھ کر تالیاں بجائیں اور… اور نہ کھلیں… یہ دو کام انہیں نہ کرنے کو کہئے… اور ہاں انہیں یہ بھی سمجھائیں کہ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا … یہ دو کام نہیں کئے اور… اور انہوں نے اس کے برعکس کیا… اسکول میں تالیاں بجا ئیں اور کھیل کود میں مصروف و مشغول ہو ئے تو… تو پھر اپنے ننھے منھوں کو اس کے نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہنے کو کہئے… اور نتائج یہ ہوں گے کہ… کہ انہیں صبح کی یخ بستہ ہواؤں میں… اپنے گرم گرم بستروں سے باہر نکل کر اسکول جانا پڑے گا … اور اس لئے جانا پڑے گا کہ ناظم تعلیمات کا خیال ہے کہ اگر ننھے منھے بچوں کو سردی لگ رہی ہو تی… اسکولو ں میں سردی لگ رہی ہوتی تو… تو وہ تالیاں بجاتے اور… اور نہ کھیلتے ہو تے ۔ہے نا؟