سرینگر//
جموں کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے پیر کو کہا کہ پولیس چیزوں کو ہلکے سے نہیں لے سکتی اور اسے محتاط رہنا ہوگا کیونکہ دہشت گردوں کے خطرات بدستور برقرار ہیں۔
وہ اتوار کو سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں ایک پولیس اہلکار پر حملے کا حوالہ دے رہے تھے۔
دلباغ نے کہا’’ہمارا ایک افسر کل کرکٹ کے میدان میں دوسرے عہدیداروں کے ساتھ کھیل رہا تھا اور اس پر حملہ کیا گیا۔ اس کا علاج کیا جا رہا ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں‘‘۔
ڈی جی پی نے پیز کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا’’پولیس چیزوں کو ہلکے میں نہیں لے سکتی۔ ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ خطرات باقی ہیں‘‘۔
یہ پوچھے جانے پر کہ وہ کس پیغام کے ساتھ پولیس فورس چھوڑ رہے ہیں، سبکدوش ہونے والے ڈی جی پی نے کہا’’میں فورس نہیں چھوڑ رہا ہوں۔ ایک پولیس والا ہمیشہ پولیس والا ہوتا ہے۔ میں۳۰سال سے فورس کے ساتھ ہوں اور میں فورس کے ساتھ رہوں گا‘‘۔
ڈی جی پی سنگھ ۳۱؍اکتوبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں اور خصوصی ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین ان کی جگہ جموں و کشمیر کے ڈی جی پی کے طور پر لیں گے۔
نئی گاڑیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آج۱۶۰جدید گاڑیاں لانچ کی گئی ہیں اور انہیں او پی سی اے پی کے تحت۴۳ تھانوں میں تعینات کیا جائے گا جس کا مقصد تھانے کے تحت آنے والے علاقے میں دہشت گردی کو ختم کرنا ہے۔
حالیہ دراندازی کی کوششوں پر ڈی جی پی نے کہا کہ سرحدی گرڈ مضبوط ہے لیکن پڑوسی ملک دہشت گردوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا’’حال ہی میں، مژھل سیکٹر میں پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ کپواڑہ ضلع میں آج کے انکاؤنٹر میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا جہاں آپریشن جاری ہے‘‘۔
جموں کے ارنیا سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ڈی جی پی نے کہا کہ چیزوں کی تصدیق کی جا رہی ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کس وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی نے سرحدی باشندوں کے لیے کافی مہلت دی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ برقرار رہے گا۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ جب پڑوسی ملک میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں دراندازی کی مزید کوششوں کا امکان ہے؟دلباغ نے کہا’’پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں پیش رفت پر گہری نظر رکھیں گی اور کسی بھی اضافی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ہو یا الیکشن نہ ہوں، پڑوسی ملک دہشت گردوں کو اس طرف دھکیل رہا ہے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔