سرینگر//
محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں ۲نومبر تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کو خارج از امکان قرار دیا ہے ۔
موسمیات محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر اور لداخ میں۲۸؍اکتوبر تک موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ۲۹؍اکتوبر کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں۳۰؍اور۳۱؍اکتوبر کو موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہ سکتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ماہ نومبر کا آغاز بھی خشک موسم سے ہی ہوسکتا ہے اور یکم اور۲نومبر کو موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور لداخ میں۲نومبر تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ موسم فصل کٹائی اور دوسری آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے لئے مناسب ہے ۔
ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ اور دورسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی کم سے کم درجہ حرارت۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ہی ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا ماہر موسمیات فیضان عارف کے مطابق ایک کمزور مغربی ہوا کے وارد ہونے کے پیش نظر وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں۲۷؍اور۲۸؍اکتوبر کو ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کشمیر میں درجہ حرارت۱۸ڈگری سینٹی گریڈ سے۲۱ڈگری سینٹی گریڈ درمیان رہ سکتا ہے جبکہ شبانہ درجہ حرارت۳سے۶ڈگری سینٹی گریڈ کے بیچ ریکارڈ ہوسکتا ہے ۔