کپواڑہ//
شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ایک خاتون نے کل رات سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ تاہم، تین بچے زندہ نہیں رہ سکے کیونکہ ان کا وزن کم تھا۔
کیرن کپواڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون (نام ظاہر نہیں کیا گیا) کو پی ایچ سی کیرن میں درد زہ کے ساتھ داخل کیا گیا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے ڈاکٹروں نے آدھی رات کے قریب خاتون کو ایس ڈی ایچ کپوارہ ریفر کر دیا۔
ڈاکٹروں کی ٹیم کی طرف سے مناسب دیکھ بھال اور علاج کے پیش نظر، خاتون نے تقریباً۲بجے صبح چار بچوں کو جنم دیا۔
خاتون ڈاکٹر شازیہ، (نرس) رضیہ اور (ایف ایم پی ایچ ڈبلیو) زمرودہ کے زیر علاج تھیں۔
رابطہ کرنے پر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کپواڑہ، ڈاکٹر محمد شفیع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس طرح کے معاملات سے نمٹنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’خوش قسمتی سے یہ ایک نارمل ڈیلیوری تھی‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’اس طرح کے کیسز میں عام طور پر اعلیٰ درجے کی تشخیص اور درستگی کی ضرورت ہوتی ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ ہمیں خاتون کو کسی دوسرے اسپتال میں ریفر نہیں کرنا پڑا‘‘۔
خبر رساں ایجنسی نے ماں کے قریبی رشتہ دار کے حوالے سے بتایا کہ تین بچے پیدا ہونے کے فوراً بعد انتقال کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ چوتھے بچے کو بھی خصوصی علاج کے لیے بمنہ کے بچہ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
رشتہ دارنے کہا’’ہم مرکزی کیران سے تقریباً۸۰۰۰فٹ کی بلندی پر رہتے ہیں اور یہاں کوئی مناسب طبی صحت کی سہولت یا سڑک رابطہ نہیں ہے‘‘۔انہوں نے زور دیا ’’ہم ضلعی انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ مہربانی کرکے لوگوں کی تکالیف کو کم کرنے کیلئے کافی طبی سہولیات اور مناسب سڑک رابطہ فراہم کریں۔‘‘