نئی دہلی//
۲۰۲۳کا آخری چاند گرہن ۲۹/۲۸؍اکتوبر کی درمیانی شب کو شرد پورنیما کو ہوگا اور یہ ہندوستان میں جزوی طور پر نظر آئے گا۔
سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ۲۸؍اکتوبر کی آدھی رات کو چاند پینمبرا میں داخل ہو گا اور چاند گرہن کا دورانیہ۲۹؍اکتوبر کے اوائل میں ہوگا۔ چاند گرہن آدھی رات کے قریب ہندوستان کے تمام حصوں میں نظر آئے گا۔ اس کے ساتھ چاند گرہن مغربی بحرالکاہل‘آسٹریلیا‘ایشیا‘یورپ‘افریقہ‘ مشرقی جنوبی امریکہ، شمال مشرقی امریکہ، بحر اوقیانوس، بحر ہند اور جنوبی بحرالکاہل کے علاقوں سے نظر آئے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں نظر آنے والا اگلا چاند گرہن۷ستمبر۲۰۲۵کو ہوگا اور یہ مکمل چاند گرہن ہوگا۔ ہندوستان میں نظر آنے والا آخری چاند گرہن۸نومبر۲۰۲۲کو تھا اور یہ مکمل گرہن تھا۔
چاند گرہن۲۸؍اکتوبرکو دیر رات ایک بج کر۵منٹ سے۲بج کر۲۴منٹ تک یعنی ایک گھنٹہ ۱۹منٹ تک رہے گا۔۲۸؍اکتوبر کو شام میں چار بج کر۵منٹ پر چاند طلوع ہوگا۔ اس گرہن میں چاند کی تصویر جنوب سے متاثر ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ چاند گرہن پورے چاند کے دن ہوتا ہے کیونکہ اس دن زمین، سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور تینوں ایک سیدھی لکیر میں واقع ہو جاتے ہیں۔