جموں//
فوج نے ہفتہ کو کہاکہ جموں کشمیر کے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ایک اگنیور کی ’خود کو گولی لگنے سے‘ موت ہو گئی۔
حال ہی میں شامل کیا گیا اگنیور‘ امرت پال سنگھ ۱۱؍ اکتوبر کو ایک فارورڈ پوسٹ میں گولی سے زخمی حالت میں مردہ پایا گیا تھا۔
فوج کی جموں میں قائم وائٹ نائٹ کور نے ’ایکس‘پر لکھا’’ایک بدقسمت واقعے میں، اگنیور امرت پال سنگھ راجوری سیکٹر میں سنٹری ڈیوٹی کے دوران، خود کو گولی لگنے سے زخمی ہونے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ مزید تفصیلات کا پتہ لگانے کے لیے کورٹ آف انکوائری جاری ہے‘‘۔
اس میں کہا گیا ہے کہ متوفی کی لاش، جن کے ساتھ ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) اور چار دیگر رینک تھے، کو اگنیور یونٹ کی خدمات حاصل کردہ سول ایمبولینس میں اس کے آبائی شہر پہنچایا گیا۔
فوج نے بتایا کہ ساتھ والے فوجی اہلکاروں نے بھی ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
اس میں کہا گیا کہ موت کی وجہ خود سے لگائی گئی چوٹ ہے، موجودہ پالیسی کے مطابق کوئی گارڈ آف آنر یا فوجی جنازہ فراہم نہیں کیا گیا۔
پوسٹ میں لکھا گیا’’بھارتی فوج سوگوار خاندان کے ساتھ گہری تعزیت پیش کرتی ہے‘‘۔ (ایجنسیاں)