نئی دہلی/ 13 اکتوبر
وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں جی 20 کے رکن ممالک کے 9 ویں پی 20 کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سامنے اس وقت دہشت گردی سب سے بڑا چیلنج ہے ، جس کے خلاف پوری دنیا کو لگاتار سختی کرنے اور متحد ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے ۔
مودی نے کہا کہ دہشت گردی کی صحیح تشریح پر آج تک اتفاق رائے نہ ہونا افسوسناک ہے ۔ کیونکہ انسانیت کے دشمن اسی کا فائدہ اٹھاکر پوری انسانیت کو تباہ و برباد کرنے پر آمادہ ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پی20 کی کانفرنس پوری دنیا کی مختلف پارلیمانی اسپیکرس کا مہا کنبھ ہے ۔ آپ سب کا ہمارے ملک کو میزبانی کا موقع دینا ہمارے لئے باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کی سربراہی کے دوران ہندوستان نے پورے سال ڈیلی گیٹس کی میزبانی کی ، جس سے پورے سال ملک میں تہوار کا ماحول رہا اور پھر حال ہی میں جی20 کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان نے افریقن یونین کو جی20 کا پرماننٹ رکن بنانے کی پرزور وکالت کی ، جس کی تمام ارکین نے بھرپور تائید کی اور اسے رکن بنانے کی اپنی منظوری دی۔
مودی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی طاقت اس کے عوام ہوتے ہیں۔ عوام ہی حکومت کو منتخب کرتے اور اپنی پسند کی سرکار بناتے ہیں۔ اس طرح عوام حکومت بناتے ہیں، مگر حکومت اتفاق رائے سے چلتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فلسفہ یہ ہے کہ پوری دنیا ایک خاندان ہے ، اس لئے ہم سب کو مل کر اور متحد ہوکر ایک ساتھ چلنے کی ضرورت ہے اور دنیا کو درپیش چیلنجوں کا ساتھ مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔