سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں دوران شب تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے درجہ حرارت میں کمی درج ہوئی۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ برف و باراں کے اس مرحلے کے بعد جموں وکشمیر میں اب۱۳؍اکتوبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران گرچہ کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے تاہم اس کے بہت کم امکانات ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں جموں و کشمیر میں برف وباراں کے ایک اور مختصر مرحلے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں۱۴سے۱۷؍اکتوبر تک رک رک کر ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جس کے ۶۰سے۷۰فیصد امکانات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ میں تازہ برف ہوئی جس سے وہاں موجود سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
علاوہ ازیں بالتل، سونہ مرگ، شیش ناگ، پہلگام، ضلع شوپیاں کے بالائی علاقوں، پیرپنچال کی پہاڑیوں، سنتھن ٹاپ، راز دان ٹاپ اور وادی کے دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے ۔
زوجیلا پاس پر تازہ برف باری کے باعث سرینگر‘ لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کچھ وقت کے لئے روک دی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۷ء۱۶ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں۲ء۱۷ملی میٹر‘ پہلگام میں۶ء۱۶ملی میٹر، کپوارہ میں۶ء۳ملی میٹر، گلمرگ میں۶ء۲۶ملی میٹر‘ بانہال میں۰ء۳۰ملی میٹر، جموں میں۵ء۲۷ملی میٹر‘ کٹرہ میں۴ء۳۲ملی میٹر اور بھدر واہ میں۴ء۱۸ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔