اپنے چگ جی… بی جے پی کے ترون چگ جی کی شکایت ہے کہ جموں کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں نے سجاد لون کی پیپلز کانفرنس ‘ الطاف بخاری کی اپنی پارٹی اور آزاد صاحب کی ڈی پی اے پی کو جموں میں ۳؍اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں مدعو کیوں نہیں کیا ہے… چگ جی! کمال ہے جن جماعتوں کو مدعو نہیں کیا گیا ہے ‘ انہیں تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے… سجاد لون‘ الطاف بخاری یا آزاد نے مدعو نہ کرنے پر اپنے ہونٹ تک نہیں ہلائے ہیں لیکن آپ کو شکایت ہے… کیوں ہے ؟ ہم نہیں جانتے ہیں… بالکل بھی نہیں جانتے ہیں کہ … کہ اگر ہم کچھ جانتے ہیں تو… تو یہ ایک بات جانتے ہیں کہ …کہ اگر چگ جی کو پریشانی ہے کہ ان تین جماعتوں کو مدعو کیوں نہیں کیا گیا ہے تو…تو کوئی ا نہیں بتائیے کہ زیادہ پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کیوں کہ ابھی تو جموں کشمیر میں الیکشن … لو ک سبھا یا اسمبلی الیکشن کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے… ایک بار کسی الیکشن کا اعلان ہونے دیجئے… بس اعلان ہو نے کی دیر ہے کہ پھر دنیا دیکھے گی اور… اور ہاں چگ جی بھی دیکھیں گے… کہ جو جماعتیں ۳؍اکتوبر کو جموں میں مل رہی ہیں یا اس سے پہلے بھی مل چکی ہیں وہ ایک دوسرے کا سا یہ برداشت نہیں کریں گی…وہ ایک دوسرے کی شکل دیکھنا پسند نہیں کریں گی… بس الیکشن … کسی بھی الیکشن کا اعلان تو ہونے دیجئے ۔اِس وقت یہ جماعتیں بے کار ہیں ‘ ان کا کوئی کام دھندہ نہیں ہے… اس وقت ان کا ایک ہی دشمن ہے اور… اور وہ ہے بی جے پی… بس بے جے پی سے دشمنی انہیں ایک چھت کے نیچے جمع ہونے دے رہی ہے… جمع ہونے کیلئے مجبور کررہی ہے… ایک بار الیکشن کا اعلان ہوگا تو… تو یہ ساری کی ساری جماعتیں ایک دوسرے کی دشمن بن جائیں گی اور… اور ان کی آپسی دشمنی کی شدت بے جے پی سے دشمنی سے اگر زیادہ نہیں تو… تو اس سے کم بھی نہیں ہو گی ۔اس لئے چگ جی آپ پریشان نہ ہوئیے کہ … کہ پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے… اگر کسی بات کی ضرورت ہے تو… تو وہ جموں کشمیر میں الیکشن… کسی بھی الیکشن… بلدیاتی‘پنچایتی‘ اسمبلی یا پھر لوک سبھا الیکشن کے اعلان کی ضرورت ہے… پھر آپ کھیل دیکھ لیجئے گا اور… اور ہم بھی دیکھ لیں گے‘کیونکہ اصلی کھیل تب شروع ہو گا ۔ہے نا؟