قاضی گنڈ//
ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں جمعہ کی صبح سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے مزید تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جس سے مرنے والوں کی تعداد۴ ہوگئی ہے۔
ایک اہلکار نے ایک مقامی خبر رساںایجنسی کو بتایا کہ سرینگر سے آنے والی ایک گاڑی قاضی گنڈ میں اخروٹ فیکٹری کے قریب ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
اہلکار نے بتایا کہ واقعہ میں گاڑی کا ڈرائیور قاضی گنڈ کے ایمرجنسی اسپتال میں دم توڑ گیا اور۵ دیگر زخمی ہوئے۔ ان کاکہنا تھا’’بعد ازاں، مزید۳؍افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد ۴ ہو گئی‘‘۔
متوفی ڈرائیور کی شناخت معروف احمد بٹ ولد نیاز احمد بٹ ساکن ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں(جن میں سے تین دم توڑ بیٹھے) کی شناخت غلام قادر بٹ ولد محمد عبداللہ، محمد نیاز بٹ ولد غلام قادر، ممتاز احمد بٹ ولد غلام قادر بٹ، مبینہ بیگم زوجہ نیاز احمد بٹ، مہوش اختر دختر نیاز احمد بٹ اور ابشہ بانو دختر محمد نیاز ساکنان ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے ۔ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ باقی ماندہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔