نئی دہلی//
مرکزی حکومت نے گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں۲۰۰روپے کی کمی کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاع‘بدھ ۳۰؍اگست سے ہو گا ۔
تہوار کے موسم سے پہلے صارفین کے لیے ایک بڑی راحت کے طور پر، مرکزی کابینہ نے آج تمام ۳۳ کروڑ صارفین کے لیے گھریلو استعمال کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں بھاری کمی کا اعلان کیا ہے۔
مرکز نے آج رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے دوران تمام گھریلو صارفین کے لیے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں۲۰۰ روپے فی سلنڈر کی کمی کی ہے۔
مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ ’ایل پی جی سلنڈر کے تمام گھریلو صارفین کو فی سلنڈر ۲۰۰ روپے کی سبسڈی دی جائے گی‘۔
مزید برآں پی ایم اجوالا اسکیم کے تحت صارفین کو یہ سبسڈی موجودہ سبسڈی کے علاوہ دی جائے گی۔ کابینہ نے اجولا اسکیم کے تحت اضافی سبسڈی کو منظوری دی ہے۔ اضافی سبسڈی بھی۰۰ ۲روپے ہوگی تاہم اب پردھان منتری اجولا یوجنا کے مستفیدین کے لیے سبسڈی ۴۰۰ روپئے فی سلنڈر ہوگی۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کابینہ میٹنگ سے متعلق بریفنگ میں کہا کہ صارفین کو رکھشا بندھن اور اونم کے تحفہ کے طور پر اجولا اسکیم کے تحت ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں۲۰۰روپے فی سلنڈر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ اجولا سے مستفید ہونے والوں کے لیے سبسڈی اب ۴۰۰روپے فی ایل پی جی سلنڈر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈروں پر اضافی سبسڈی کا نفاذ آج سے ہوجائے گا۔
دریں اثنا کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ مودی حکومت کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ماؤں بہنوں کو رلا تی رہی ہے ، لیکن اب انتخابات قریب ہیں تو اس نے ووٹ پانے کا کھیل کرتے ہوئے اس کی قیمت کم کردی ہے ۔
گھرگے نے حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا’’جب ووٹ لگے گھنٹے ، تو چناوی تحفے لگے بٹنے ۔ عوام کی محنت کی کمائی کو لوٹنے والی بے رحم مودی حکومت اب ماؤں بہنوں کے تئیں خیر سگالی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ ساڑھے نو سال تک۴۰۰روپے کا ایل پی جی سلنڈر۱۱۰۰روپے میں بیچ کر عام آدمی کی زندگی اجیرن کرتے رہے ، لیکن تب کسی کو ’پیار کے تحفے ‘یاد کیوں نہیں آئی؟
کانگریسی صدر نے کھانا پکانے کی گیس کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو’انڈیا‘اتحاد کے خوف کی وجہ سے کیا گیا فیصلہ قرار دیا اور کہا’’مودی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ ۲۰۲۴میں ملک کے پریشان حال لوگوں کے غصے کو ۲۰۰روپے کی سبسڈی سے کم نہیں کیا جا سکتا۔‘‘انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد سے خوف اچھا ہے مودی جی، عوام نے اپنا ذہن بنا لیا ہے ۔ مہنگائی کو شکست دینے کے لئے بی جے پی کو باہر کا راستہ دکھانا ہی واحد آپشن ہے ۔