جموں/۴جولائی
جموںکشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) یونٹ کے صدر ‘رویندر رینا نے منگل کے روز کہاکہ دفعہ 370پر 11جولائی سے سپریم کورٹ میں سماعت ہور ہی ہے اور جو بھی فیصلہ آئے گا وہ ملک کے مفاد میں ہوگا۔
رینا نے کہاکہ عدالتوں میں میرٹ کی بنیاد پر فیصلے لئے جاتے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ سماج کے سبھی طبقوں کی رائے کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے یقینا سپریم کورٹ اس معاملے پر حتمی فیصلہ دے گا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
دفعہ 370پر سپریم کورٹ میں شنوائی ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رینا نے کہا کہ جب اس قانون کو نافذ کیا گیا تو اس وقت پارلیمنٹ میں بحث ہوئی اور جب اس کو منسوخ کیا گیا تو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث اور ووٹنگ ہوئی جس کے بعد اس قانون کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا گیا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ کچھ افراد نے اس قانون کو منسوخ کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی اور اب عدالت عظمیٰ نے گیارہ جولائی سے اس پر سماعت کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور اس حوالے سے ججوں کی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے ۔
رینا نے کہاکہ چونکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے لہذا اس پر لب کشائی کرنا غیر قانونی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عدالتوں پو پورا بھروسہ ہے کیونکہ ملک کا جوڈیشل نظام کافی مضبوط ہے ۔
رینا نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کی جانب سے اس معاملے پر بہتر طریقے سے شنوائی ہوگی اور بحث و مباحثہ کے بعد ہی فیصلہ سنایا جائے گا۔
ان کے مطابق جو بھی فیصلے آئے گا وہ ملک کے مفاد میں ہوگا کیونکہ عدالتوں میں میرٹ کی بنیاد پر فیصلے لئے جاتے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ عدالت عظمیٰ سماج کے سبھی طبقوں اور انصاف کا خیال رکھتے ہوئے یقینا اس معاملے پر فیصلہ سنائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جو بھی فیصلہ آئے گا اس پر سبھی مطمئن ہونگے ۔
رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ نے غریبوں کو پانچ مرلہ اراضی اور مکان تعمیر کرنے کا جو فیصلہ لیا وہ تاریخی ہے ۔
ان کے مطابق اس بڑے فیصلے کے لئے وزیر اعظم مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بی جے پی یونٹ صدر نے مزید بتایا کہ سابقہ حکومتوں نے جموںکشمیر کے لوگوں کو گمراہ کرکے انہیں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا ۔
رینا نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے یہاں کے لوگوں پر ظلم کیا اور روشنی کے نام پر مفاد خصوصی رکھنے والے سیاستدانوں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے غریبوں کےلئے دروازے بند کردئے تھے تاہم موجودہ سرکار نے غریبوں کو مفت زمین دینے کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند اقدام ہے اورا س کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے لگائے گئے الزام کہ ای ڈی کا غلط استعمال ہو رہا ہے کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ ان لوگوں کی سیاسی زمین کھسک چکی ہے اور ملک کے لوگوں نے انہیں مسترد کیا جس وجہ وہ پروپگنڈ ا کر رہے ہیں ، کھبی پٹنہ میں جاکر وہاں پر پروپگنڈا کرتے ہیں تو کھبی بنگلور کے اندر سازشیں رچاتے ہیں۔
رینانے بتایا ملک کے لوگ جانتے ہیں کہ مودی جی نے سب کا ساتھ ، سب کا وشواس اور سب کا وکاس مشن کے تحت ہی کام کیا ہے ۔