سرینگر/ 19جون
جموں کشمیر پیپلز کانفرنس (جے کے پی سی) نے کریری کے حلقہ انتخاب کے سربراہ سید بشارت بخاری کو مبینہ طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے پارٹی سے نکال دیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں، جے کے پی سی نے کہا”سید بشارت بخاری، حلقہ کے سربراہ کریری کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پارٹی سے نکال دیا گیا ہے“۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے”اس کے علاوہ، کریری میں JKPC اور YJKPC کی تمام اکائیوں کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور نئے حلقہ کے سربراہ کے چارج سنبھالنے کے بعد ان کی تشکیل نو کی جائے گی“۔
سید بشارت بخاری، جو ریڈیو کشمیر سرینگر (اب اے آئی آر سری نگر) میں اپنی نشریاتی مہارت کے لیے جانے جاتے تھے‘ اس سے قبل سابق ریاست جموں و کشمیر کے حلقہ سنگرمہ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔
سجاد غنی لون کی جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس میں جانے سے پہلے بخاری نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی کابینہ میں قانون، انصاف، پارلیمانی امور، محصولات، باغبانی اور ڈی ایم آر آر آر کے وزیر کا عہدہ بھی سنبھالا۔
بخاری نے مختصر مدت کیلئے نیشنل کانفرنس میں بھی شمولیت اختیار کی تھی ۔