سرینگر//
یاتریوں کی صحت وتندرستی کا خیال رکھتے ہوئے شری امرناتھ شرائن بورڈ (ایس اے ایس بی) نے امسال یاترا کے دوران قائم کئے جانے ولے لنگروں پر جنک فوڈ اور دوسرے غیر صحت بخش کھانے پینے کی چیزوں پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
ایس اے ایس بی عہدیداروں کے مطابق امسال یاترا کیلئے پہلگام اور بالتل راستوں پر ۱۲۰لنگر قائم کئے جا رہے ہیں۔
عہدیداراوں نے کہا کہ یاتریوں کے صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے امسال لنگروں پر اجازت شدہ اور ممنوعہ کھانے پینے کی چیزوں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ امسال لنگروں پر کسی بھی جنک فوڈ یا تلے ہوئے کھانے کو دستیاب رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ممنوعہ کھانے پینے کی چیزوں کی فہرست لنگر حکام کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔
ممنوعہ کھانے پینے کی چیزوں میں پوری، بتھورا، پیزا، برگر، بھرے پرانٹھے ، ڈوسا، تلی ہوئی روٹی، مکھن والی روٹی، کریم پر مبنی کھانے ، اچار، چٹنی، تلے ہوئے پاپڑ، چاؤمین، کولڈ ڈرنکس، جلیبی، گلاب جامن، لڈو، کھویا برفی، رسگلہ اور دیگر تمام حلوائی اشیاء کے علاوہ اسنیکس (زیادہ چکنائی اور نمکیات) چپس/کرکورے ‘ مٹھی، نمکین مکسچر، پکوڑے ، سموسے ، تلے ہوئے خشک میوہ جات اور دیگر تمام دیگر تلی ہوئی چیزیں شامل ہیں۔
ممنوعہ اشیا میں نان وجیٹیرین کھانے ،شراب ، تمباکو، گٹکا، پان مسالہ، سگریٹ اور دوسری نشہ آور چیزیں بھی شامل ہیں۔
اجازت شدہ کھانے پینے کی چیزوں میں دالیں، ہری سبزیاں، سبز سلاد، پھل،چاول، گڑ، سانبر، اڈلی، اتیم، پوہا، بربل چائے ، کافی، کم چکنائی والی دہی، شربت، لیمن اسکواش، انجیر، کشمش، خوبانی وغیرہ شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں۳ہزار۸سو۸۰میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو۳۱؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔جموں وکشمیر انتظامیہ یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے ۔
یاتریوں کیلئے جہاں سیکورٹی کا فقید المثال بندو بست کیا جا رہا ہے وہیں انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جا رہی ہے ۔
چند روز قبل جی بی آر لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودری نے بالتل اور چندن واڑی کا دورہ کرکے دونوں یاترا راستوں کا معائنہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ۳لاکھ۶۵ہزار یاتریوں نے شری امرناتھ مندر کی یاترا کی جن میں سے۴۵ فیصد یاتریوں نے بالتل کے راستے سے جبکہ۵۵فیصد پہلگام کے راستے سے یاترا کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال ۵لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے ۔
بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو۱۵جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں وکشمیر نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یاترا کے دوران ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹیوں کی درخواستوں کو منظور کریں نہ آگے بڑھائیں۔