لاہور//
پاکستان کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر کہتے ہیں کہ اگر ویرات کوہلی کا مجھ سے واسطہ پڑا ہوتا تو وہ اتنے رنز نہ بناپاتے۔ 2010ء میں دمبولا میں ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت میچ ہوا تھا جس میں شعیب اختر بھی شامل تھے تاہم کوہلی کے جلد آؤٹ ہونے کی وجہ سے وہ انھیں بولنگ نہیں کرپائے تھے جس پر سابق بھارتی کپتان نے کہا تھا کہ میں نے شعیب کی بولنگ دیکھی ضرور مگر اس کا سامنا نہیں کرپایا تھا۔
آئی پی ایل کے موقع پر ایک بھارتی سائٹ سے بات چیت میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی ایک انتہائی باصلاحیت کرکٹر ہیں لیکن اگر میں نے ان کو بولنگ کی ہوتی تو وہ اتنے رنز نہیں بنا سکتے تھے جتنے انھوں نے بنائے، اس کے باوجود ان کے رنز کی اپنی ایک اہمیت ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ کوہلی ان کے خلاف جتنے بھی رنز بناتا وہ بہت تگڑے رنز ہوتے، دلیری والی رنز ہوتے اور آپ دیکھتے کہ وہ رنز کے لئے لڑ رہا ہوتا ، اس کی 50 سے زیادہ سنچریاں نہ ہوتی مگر 20-25 سنچریاں ہوتیں اور بہادر سنچریاں ہوتی ،اس کا لیول ویوین رچرڈز جیسا ہوتا۔یاد رہے کہ 33 سالہ ویرات کوہلی 2008ء سے اب تک 458 انٹرنیشنل میچز میں 23650 رنز بنا چکے ہیں جن میں 70 سنچریاں اور 122 ففٹیز شامل ہیں۔