سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے منگل کو کہا کہ اس نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ علاقے میں ایک جنسی ریکیٹ کا پردہ فاش کیا اور ایک مکان کے مالک اور اس کی بیوی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا۔
ایک بیان میں پولیس ترجمان کے حوالے سے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ پولیس کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ریسی پورہ میں ایک شہری کے گھر سے غیر اخلاقی سرگرمیوں کے ریکیٹ چل رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک سرچ پارٹی نے ریسی پورہ کے شبیر احمد وار کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں جسم فروشی کے اڈے کا پردہ فاش کیا گیا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ پانچ افراد کو موقع سے گرفتار کیا گیا، جن میں گھر کے مالک اور اس کی بیوی، ایک سیکس ورکر اور دو گاہک شامل ہیں۔ جگہ سے۴۷ہزار۸۰۰ روپے کی نقدی بھی برآمد ہوئی ہے‘‘۔
جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں ڈانگرپورہ کے رئیس احمد لون، رفیع آباد، بلال احمد شیخ بِنر، بارہمولہ، ایک خاتون سیکس ورکر (نام ظاہر نہیں کیا گیا)، رشی پورہ کے شبیر احمد وار (گھر کا مالک) اور مکان کے مالک کی بیوی (نام ظاہر نہیں کیا گیا) شامل ہیں۔
اس میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی آر نمبر۳۷/۲۰۲۳قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پی ایس کرالگنڈ میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے نوگام علاقہ میں ایک جسم فروشی کے اڈے کا پردہ فاش کیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں چھ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق باغ مہتاب علاقے میں گزشتہ ہفتے جسم فروشوں کے دھندے کی تحقیقات کے دوران نوگام کے سیکس ریکٹ کا انکشاف ہوا۔
واضح رہے کہ ۳؍اپریل کو باغ مہتاب علاقے میں جسم فروشی میں ملوث چھ افراد کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔