نئی دہلی//
کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے جموں و کشمیر کے پونچھ میں آج کے دہشت گردانہ حملے میں پانچ فوجیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
کانگریس لیڈروں نے فوج کی گاڑی کو نشانہ بناکر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔
کھڑگے نے کہا’’میں جموں و کشمیر کے پونچھ میں فوج کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ میں۵راشٹریہ رائفلز کے بہادر سپاہیوں کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور حملے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں‘‘۔
راہل گاندھی نے کہا ’’جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں دہشت گردانہ حملے میں ہمارے۵فوجیوں کی شہادت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے ۔ میں ان بہادروں کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘