نئی دہلی//
جمعرات کو دفاعی ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں دہشت گردانہ حملے میں پانچ فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق زمین پر موجود فوج کے جوان حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مناسب کارروائی کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے دن میں، فوج نے کہا کہ جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں ایک فوجی ٹرک میں آگ لگ گئی‘جس نے پانچ اہلکاروں کی جان لے لی، دہشت گردوں کی طرف سے پھینکے گئے گرینیڈ کی وجہ سے لگی۔
اس واقعے پر فوج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے دستی بم پھینکے جانے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے مینڈھر سب ڈویڑن کے مختلف دیہاتوں میں وسیع پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کے آپریشنز شروع کیے ہیں، جس میں فوج اور پولیس دونوں کے سینئر افسران موقع پر موجود ہیں۔
فورسز نے یہ بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز پونچھ کے بھاٹا دھریان میں فوجی گاڑی پر عسکریت پسندوں کے ایک مہلک حملے کے بعد کیا ہے جس میں پانچ فوجی اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ ایک اور اہلکار شدید زخمی ہوا تھا۔
ایک اہلکار بتایا کہ فوج اور پولیس دونوں نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی بھاری تعیناتی کی گئی ہے اور بھاٹا دھریاں، نار جنگل، سنجیوٹ اور کوٹن سمیت کئی دیہاتوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور شدید تلاشی لی جا رہی ہے۔
اہلکار نے کہا کہ فوج اور پولیس کے سینئر افسران بھی حملہ آوروں کا سراغ لگانے کیلئے شروع کیے گئے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔