جموں//
پولیس نے ہفتہ کو وادی کشمیر اور نئی دہلی سے پانچ افراد کو پانچ لاکھ ہندوستانی کرنسی نوٹوں اور۱۵ء۲ کروڑ ’کم معیار کے‘ کرنسی نوٹوں کے ساتھ کرگل کالونی بھٹنڈی جموں کے قریب سے گرفتار کیا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پانچوں افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک گاڑی ’ایس کراس‘میں کرگل کالونی سے بھٹنڈی موڑ کی طرف جا رہے تھے۔
افسر نے بتایا’’وہیکل پولیس پارٹی کی مناسب تلاشی کے بعد ان کے قبضے سے ۵ لاکھ ہندوستانی کرنسی نوٹوں کے ساتھ ۳ چیک بک اور تقریباً سوا دو کروڑ کم معیار کے ہندوستانی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے‘‘۔
اس سلسلے میں، انہوں نے کہاکہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ (ایف آئی آر نمبر۷۱/۲۰۲۳) درج کر لی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ان پانچ افراد میں نذیر احمد ولد محمد جبار ساکنہ برزلہ، سری نگر، ریاض احمد ولد عبدالغنی ساکنہ شیخ کھار پلوامہ، محمد نعیم اللہ ولد محمد ظہیر الحق ساکنہ دوارکا دہلی، منظور احمد ولد غلام محمد ساکنہ نشاط سرینگر اور باسط ولد غلام حسین ساکنہ شوپیاں شامل ہیں۔