سرینگر//
پولیس کے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے پیر کی صبح جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں چھاپے مارے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس کے ایس آئی یو نے پیر کی صبح جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال علاقے میں دو الگ الگ مقامات پر چھاپے مارے ۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت ایک کیس کے سلسلے میں مارے گئے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۳۷کے تحت ایس آئی یو نے اونتی پورہ میں دو الگ الگ مقامات پر چھاپے مارے ۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دو مشتبہ افرادجن کی شناخت جمشید احمد بٹ ولد محمد اشرف بٹ ساکن ستورا ترال اور سمیر احمد مہند ولد غلام محمد ساکن شیر آباد ترال کے بطور ہوئی کے مکانوں کی تلاشی لی گئی جس دوران قابل اعتراض مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ مشتبہ افراد کے ملی ٹینسی کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے حوالے سے مزید شواہد اکھٹے کرنے کی خاطر تلاشی لی گئی ۔
تلاشی کا مقصد دہشت گرد ی میں ملوث ملی ٹینٹوں اور اُن کے حامیوں کی نشاندہی کرکے ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو تباہ کرنا مقصود ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یو اے پی اے کے تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی خاطر چھاپہ ماری کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔