جموں//
جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں بدھ کو لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگل میں آگ لگنے کے بعد کئی بارودی سرنگیں پھٹ گئیں۔
آگ سرحد کے اُس پار جنگلاتی علاقے سے شروع ہوئی اور ہندوستان کی جانب مینڈھر سب ڈویڑن کے بالاکوٹ سیکٹر تک پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ آگ نے سیکورٹی الرٹ کو بھی کہا۔
کم از کم نصف درجن بارودی سرنگیں، جو کہ دراندازی روکنے والے نظام کا حصہ ہیں، آگ لگنے کی وجہ سے پھٹ گئیں لیکن کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات آنے تک آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری تھیں۔انہوں نے کہا کہ فوج کے دستے سخت چوکسی رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہائی الرٹ ہیں کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی طرف سے دراندازی کی کوئی کوشش نہ ہو۔
اس دوران جنوبی ضلع اننت ناگ کے وانہامہ گاوں میں آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران گیس سلنڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں فائر مین سمیت تین افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز اننت ناگ کے وانہامہ گاوں میں محمد اسحاق کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل دو گاو خانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگ جوں ہی آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف تھے کہ اس دوران گیس سلنڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں فائر مین سمیت تین افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت توصیف احمد اور وسیم احمد یتو جبکہ فائر مین کی پہچان منظور احمد کے بطور ہوئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وانہامہ اننت ناگ میں آگ کی واردات کے دوران رہائشی مکان اور دو گاو خانے خاکستر ہوئے ہیں۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔