ممبئی// ہندوستانی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی نیلامی میں پیر کو 3.4 کروڑ روپے میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) میں جانے کے ساتھ ٹورنامنٹ کی سب سے مہنگی کھلاڑی بن گئیں۔
جیو کنونشن سینٹر میں ہوئی نیلامی میں ممبئی انڈینز نے 50 لاکھ کی بولی سے نیلامی شروع کی، لیکن کافی جدوجہد کے بعد آر سی بی نے مندھانا کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔
آر سی بی کا حصہ بننے کے بعد، مندھانا نے کہا، "ہم مردوں کی آئی پی ایل نیلامی کو دیکھتے ہوئے آئے ہیں۔ خواتین کے لیے اس طرح کی نیلامی ہونا بہت بڑا لمحہ ہے۔ آر سی بی کی وراثت بڑی ہے، انہوں نے ایک بڑا فین بیس بنایا ہے۔ امید ہے کہ ہم مل کر ایک بہترین ٹیم بنا سکتے ہیں۔ ہیلو بنگلورو، سرخ اور سنہرا پہننے اور کپ کا ہدف رکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔”
گزشتہ کچھ برسوں میں ہندوستانی ٹیم کا اہم حصہ رہیں مندھانا نے 2013 میں 16 سال کی عمر میں اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیاتھا۔ وہ فروری 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 24 گیندوں میں نصف سنچری بناکر ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے والی ہندوستانی خاتون کا ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔ مندھانا (112 میچوں میں 2651 رنز) بناکر سب سے زیادہ ٹی 20 رن بنانے والی ہندوستانی خواتین کی فہرست میں صرف کپتان ہرمن پریت کور سے پیچھے ہیں۔
اس دوران آر سی بی نے نیوزی لینڈ کی صوفی ڈیوائن (50 لاکھ)، آسٹریلیا کی ایلیس پیری (1.7 کروڑ) اور ہندوستان کی رینوکا سنگھ (1.5 کروڑ) جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔
ڈبلیو پی ایل کا پہلا ایڈیشن 4 مارچ سے منعقد ہونا ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم اور بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔