رورکیلا// ہاکی انڈیا نے ابھرتے ہوئے ستاروں کو عالمی سطح کے مقام پر کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کے مقصد سے یہاں برسا منڈا اسٹیڈیم میں چار قومی چمپئن شپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہاکی انڈیا نے پیر کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ ورلڈ کپ میچوں کا انعقاد کرنے والے اس اسٹیڈیم میں جونیئر خواتین کی قومی چیمپئن شپ (13-23 اپریل)، جونیئرمینزقومی چیمپئن شپ (28 اپریل -8 مئی)، سب جونیئر خواتین کی قومی چیمپئن شپ (13-23 مئی) اورسب جونیئر مینز نیشنل چیمپئن شپ (28 مئی سے سات جون) سمیت چار ٹورنامنٹ کھیلے جائیں گے۔ سینئر مردوں کی قومی چمپئن شپ 2023 کا انعقاد تمل ناڈو کے مدورائی میں 3 سے 14 مئی کے درمیان کیاجائے گا۔
دریں اثنا، ہاکی انڈیا نے نیشنل چیمپئن شپ کے میچوں کو نشر کرنے کے لیے لائیو اسٹریم پلیٹ فارم ‘فین کوڈ’ کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اعلان کیا۔
ہاکی انڈیا کے صدر اور سابق کپتان دلیپ ٹرکی نے کہا، "ہم نے ہندوستان اور برصغیر میں تمام قومی چیمپیئن شپ میچوں کی براہ راست نشریات کے لیے فین کوڈ کے ساتھ ایک کثیر سالہ معاہدے پر دستخط کرکے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ہم ڈومیسٹک لیول پر ویڈیو ریفرل بھی شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ کھلاڑی اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی اس عمل کو سمجھ سکیں۔ ہمارا مقصد ان ابھرتے ہوئے ستاروں کو ہندوستان میں بین الاقوامی میچ کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔
آندھرا پردیش کے کاکیناڈا میں 15 فروری سے شروع ہونے والی سینئر خواتین کی قومی چمپئن شپ کے آغاز کے ساتھ، ہر مقام پر کھیل کو ریکارڈ کرنے کے لیے تین کیمرہ سیٹ اپ ہوگا۔ تمام مقابلے انٹرنیشنل میچز کی طرز پرمنعقد کئے جائیں گے اور ہر میچ کے بعد ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ کا ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔
ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل بھولاناتھ سنگھ نے کہا، "یہ پہلا موقع ہے جب ہاکی انڈیا نے قومی چیمپئن شپ کی سطح کو اوپر اٹھانے اوراسے یکساں شکل اور تجربہ فراہم کرنے کے لئے اس طرح کے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "ان نئے اقدامات کے تمام اخراجات ہاکی انڈیا برداشت کرے گی اور ہم ان اضافی اخراجات کے ساتھ اپنے میزبان رکن یونٹ پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ فیڈریشن کی جانب سے ‘پلیئر آف دی میچ’ کا نقد انعام بھی دیا جائے گا۔ قومی چیمپین شپ میں امپائرنگ کرنے والے امپائروں کو آن فیلڈ کمیونیکیشن کے لیے ریڈیو فراہم کیے جائیں گے اور فیڈریشن قومی مقابلوں میں ویڈیو ریفرل شروع کرنے پر بھی کام کررہی ہے۔