سرینگر//
جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ تحصیل میں جمعرات کے روز محکمہ مال کی ٹیم نے کم از کم۹۵کنال سرکاری اراضی کو باز یاب کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قابضین کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
اطلاعات کے مطابق تحصیلدار بجبہاڑہ غلام رسول بٹ کی سربراہی میں محکمہ مال کی ٹیم نے جمعرات کے روز بجبہاڑہ میں۹۵کنال سرکاری اراضی پر قبضے کو چھڑانے میں کامیابی حاصل کی۔
معلوم ہوا ہے کہ واہگامہ بجبہاڑہ میں۳۰کنال ارگیشن لینڈ کو لوگوں کے قبضے سے چھڑایا گیا ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بعض خود غرض عناصر نے ارگیشن کنال پر قبضہ کیا تھا اور آج محکمہ مال کی ٹیم نے اُس کو باز یاب کرکے وہاں پر سرکاری بورڈ نصب کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جبلی پورہ بجبہاڑہ میں ۱۸کنال‘ آرونی میں ۳۵کنال اور دوپت یار میں۱۱کنال سرکاری اراضی کو باز یاب کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا کہ گر چہ کئی مقامات پر لوگوں نے سرکاری لینڈ پر رہائشی مکان بھی تعمیر کئے ہیں تاہم اُن کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی کیونکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی ۔
سرکاری ذرائع نے واضح کیا کہ سٹیٹ لینڈ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔