سرینگر//
وادی کشمیر کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر،جموں قومی شاہراہ کو جمعرات کے روز ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو پنتھال رام بن میں پتھر گر آنے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کو روک دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے پہلے سری نگر، جموں اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹنل کے آر پار بڑی تعداد میں گاڑیاں درماندہ ہیں جن میں سے زیادہ تعداد ٹرکوں اور تیل ٹینکروں کی ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے اگلے ۲۴گھنٹوں کے دوران بھاری برف باری کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث زمینی وفضائی ٹریفک متا ثر رہ سکتا ہے ۔