دبئی// ہندوستانی مڈل آرڈر کے دھماکہ خیز بلے باز سوریہ کمار یادو کو سال کے بہترین ٹی 20کھلاڑی کے ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
آئی سی سی نے کہا کہ سوریہ کمار کے علاوہ زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا، انگلینڈ کے آل راؤنڈر سیم کرین اور پاکستان کے اوپنر محمد رضوان کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ہندوستان کے لیے گزشتہ سال ڈیبیو کرنے والے سوریہ کمار نے 2022 میں اپنی 360 ڈگری بلے بازی سے سب کو مسحور کیا۔ دھماکہ خیز دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اس سال 31 میچوں میں 187.43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1164 رن بنائے۔ وہ ایک سال میں 1000 سے زیادہ ٹی 20انٹرنیشنل رن بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔
سوریہ کمار نے 2022 میں 68 چھکے لگا کر ٹی 20انٹرنیشنلز میں ایک سال میں سب سے زیادہ چھکوں کا رضوان (42) کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ سوریہ کمار 46.56 کی اوسط سے رن بنانے کے ساتھ نو نصف سنچریوں اور دو سنچریوں کے ساتھ ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے مضبوط دعویدار ہیں۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں زمبابوے کی یادگار کارکردگی میں اہم کردار ادا کرنے والے رضا نے رواں سال 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 735 رن بنائے اور 25 وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے سپر 12 میچ میں پاکستان کے خلاف زمبابوے کی تاریخی فتح میں بھی 25 رن کے عوض تین وکٹ حاصل کیے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ رہنے والے کرین کو ٹاپ ایونٹ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا جبکہ رضوان (996 رن) اس سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں سوریہ کمار کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔