جموں//
جموںکشمیر کے ضلع رام بن میں پیر کی علی الصبح گیس سلنڈروں سے لدی ایک ٹرک ایک گہری کھائی میں جا گرنے سے دو افراد بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن میں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ کے نزدیک پیر کی علی الصبح قریب چار بجے سرینگر سے جموں جا رہی ایک ٹرک جس میں خالی گیس سلنڈر بھرے ہوئے تھے ، لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس،کیو آر ٹی اور فوج کی مشترکہ ٹیمیں بچاؤ آپریشن میں جٹ گئیں اور دو لاشوں کو بر آمد کیا گیا۔
ذرائع نے کہا کہ بچاؤ آپریشن ہنوز جاری ہے اور لاشوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے ۔
دریں اثناسرینگر جموں شاہراہ پر چملواس بانہال کے نزدیک ٹیمپو ٹرولر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی سہ پہر کو سرینگر جموں شاہراہ پر چملواس بانہال کے نزدیک ٹیمپو کو حادثہ پیش آیا جس وجہ سے گاڑی میں سوار پانچ افراد زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد دو کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔