نئی دہلی//
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے بانی اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کا طویل علالت کے بعد پیر کو انتقال ہو گیا۔
صدر دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور ایس پی صدر اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر ملائم سنگھ یادو کے انتقال کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد محترم اور سب کے لیڈر نہیں رہے ۔
ان کی عمر۸۲برس تھی۔ میدانتا اسپتال نے بتایا کہ یادو کا طویل علالت کے بعد صبح۱۶:۸بجے انتقال ہوگیا۔وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اسپتال میں داخل تھے ۔ ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کردیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے ۔
ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کے انتقال پر اتر پردیش حکومت نے ریاست میں تین روزہ سرکاری سوگ اور ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کئے جانے کا اعلان کیا ہے ۔ یادو کی منگل کوپورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
ایس پی نے ٹویٹ کیا’’محترم نیتا جی کا آج صبح گروگرام کے میدانتا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کے جسد خاکی کو سائیفی لے جایا جا رہا ہے ۔ ان کی آخری رسومات کل ۱۱؍اکتوبر) سہ پہر۳بجے سائیفی میں ادا کی جائے گی‘‘۔
یادو۲۲نومبر ۱۹۳۹کو سائیفی، ضلع اٹاوا میں پیدا ہوئے تھے ۔ وہ اس وقت مین پوری لوک سبھا سیٹ سے ممبر پارلیمنٹ تھے ۔
دریں اثناوزیر اعظم نریندر مودی منگل کو سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے آبائی گاؤں سائیفی میںان کی آخری رسومات میں شرکت کر سکتے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا’بہت زیادہ امکان‘ ہے کہ وزیر اعظم مودی اتر پردیش کا سفر کریں گے اگر موسمی حالات ساز گار رہیں۔
اس دوران جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
سنہا نے کہا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کا انتقال ہندوستانی سیاست کیلئے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ملائم سنگھ جی کا انتقال بھارتی سیاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ‘‘۔انہوں نے کہا’’میں آنجہانی لیڈر کو خراج پیش کرتا ہوں اور ان کی روح کے سکون اور لواحقین کے صبر کے لئے دعا گو ہوں‘‘۔
ایل جی کا مزید کہنا تھا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کے لاکھوں کارکن ہیں جنہیں ان کے نقش قدم پر چل کر اتر پردیش اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
عمر عبداللہ نے مرحوم لیڈر کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’میں اپنے والد اور تمام ساتھیوں کے ساتھ مل کر اکھلیش یادو اور ان کے جملہ اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتا ہوں‘‘۔
نیشنل کانفرنس لیڈر نے ٹویٹ میں کہا’’نیتا جی ایک عظیم الشان شخصیت کے مالک تھے جن کے اترپردیش اور پورے ملک کیلئے کی جانی والی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔‘‘