جموں//
جموں کشمیر پولیس نے واضح کیا ہے کہ ڈی جی جیل خانہ جات ہیمنٹ کمار لوہیا کے قتل کیس کی تحقیقات کے دوران دہشت گردی کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے بتایا کہ ڈی جی جیل خانہ کے قتل کی تحقیقات جاری ہے اور ابھی تک دہشت گردی کا کوئی بھی معاملہ سامنے نہیں آیا۔
سنگھ نے کہاکہ کلیدی ملزم سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور اُس کے انکشافات کو فیلڈ تحقیقاتی ٹیم سے تصدیق کی جارہی ہیں۔
بتادیں کہ ڈی جی پی جیل خانہ جات کو مبینہ طور پر گھریلو ملازم نے قتل کیا ۔
پولیس نے رات بھر جاری رہنے والی چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس کیس کے مرکزی ملزم یاسر کی گرفتاری عمل میں لائی ۔
سیکورٹی ایجنسیوں کی مختلف ٹیمیں کلیدی ملزم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہیں اور ابھی دہشت گردی کا کوئی بھی سراغ نہیں ملا ہے ۔
جموں کشمیر پولیس کے سربراہ ‘ دلباغ سنگھ نے منگل کو کہا کہ لوہیا پچھلے کچھ دنوں سے اپنے دوست کے گھر ٹھہرے ہوئے تھے جب مبینہ قاتل نے اس پر کمرے میں حملہ کیا (کسی بیماری میں مدد کے بہانے) جب دونوں ساتھ تھے۔
دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ملزم نے اندر سے دروازہ بند کیا اور لوہیا پر تیز دھار ہتھیار سے کئی بار حملہ کیا اور اس کا گلا گھونٹنے کی بھی کوشش کی۔