جموں//
سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کی خاطرہفتے کے روز بند رہنے کے بیچ خاتون نے ایمبولنس میں بچے کو جنم دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر ہفتے کے روز مہد کے مقام پر چٹانیں کھسک آنے کے باعث شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ شاہینہ ساکن دھرم سنگلاڑن گول جو کہ دردزہ میں مبتلا تھی کو ایمبولنس کے ذریعے رام بن ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ٹریفک جام کے باعث ایمبولنس پھنس کررہ گئی۔
شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہنے کے باعث خاتون نے ایمبولنس میں ہی بچے کو جنم دیا۔
یاد رہے کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پرمہد رام بن کے نزدیک چٹانیں گر آنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے ۔
ٹریفک حکام کے مطابق سرینگر جموں قومی شاہراہ پر مہد کے مقام پر چٹانیں گر آنے کے باعث سڑک کو آمدورفت کے لئے بند کیا گیا ہے ۔
حکام نے کہا کہ ادھم پور اور قاضی گنڈ میں ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے کیونکہ پہاڑی سے چٹانیں نیچے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
ان کے مطابق لوگوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر شاہراہ کو فی الحال بند کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ چٹانیں گر آنے کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے اہلکاروں کو کام جاری رکھنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔