جموں//
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ۳۰ ستمبر سے جموں کشمیر کے تین روزہ دورے پر پہنچیں گے جہاں وہ ماتا ویشنو دیوی کے مزار پر حاضری دینے، دو ریلیوں سے خطاب کرنے کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔
جے کے بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور سابق وزیر سنیل شرما نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس دورے کو متوقع اسمبلی انتخابات سے نہیں جوڑا جانا چاہئے، حالانکہ ایک سینئر لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ’بی جے پی کی انتخابی مہم اور ریلیوں کا آغاز ہو گا۔
شرما نے میڈیا کو بتایا’’انتخابات ای سی آئی (الیکشن کمیشن آف انڈیا) کا استحقاق ہے جو ایک خودمختار ادارہ ہے اور تاریخوں کا شیڈول ان پر منحصر ہے۔ بی جے پی تیار ہے۔ یہ (شاہ کا دورہ) معمول کا دورہ ہے اور اسے انتخابات سے جوڑنا درست نہیں ہے‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ شاہ ۳۰ ستمبر کو جموں پہنچیں گے، یکم اکتوبر کو راجوری (جموں ڈویڑن) میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے اور اسی شام کشمیر کے لیے روانہ ہوں گے‘جہاں وہ۲؍ اکتوبر کو صبح ۱۱ بجے بارہمولہ قصبے میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے‘‘۔
لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شاہ یکم اکتوبر کو ریلی سے خطاب کرنے سے پہلے ماتا ویشنو دیوی کے قابل احترام مزار پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔
ریلیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ کشمیر بھر کے لوگوں کو بی جے پی اور مرکزی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔
شرما نے کہا’’ہر شخص کو وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر بھروسہ ہے۔ اس یقین کو ایک شکل دینے کے لیے، ان توقعات کو پورا کرنے کیلئے اوریو ٹی کی ایل جی انتظامیہ کی ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے، مرکزی وزیر ۳۰ ستمبر کو جموں کشمیر پہنچیں گے۔‘‘
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ کشمیر بھر سے بالخصوص شمالی کشمیر کے لوگ ریلی میں شرکت کریں گے۔ جنوبی کشمیر کے لوگ بھی اس میں شرکت کریں گے۔ شرما نے کہا کہ مرکزی وزیر مرکز کی طرف سے شروع کی گئی مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا’’وہ ترقیاتی محاذ پر مرکز کی طرف سے اٹھائے گئے نئے اقدامات کے بارے میں بھی بات کریں گے‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کا دورہ بی جے پی اور مرکزی حکومت میں لوگوں کے اعتماد کو مضبوط کرنے کے لئے ایک بڑا قدم ہوگا۔انہوں نے مزید کہا ’’یہ ریلی کی شکل میں مرکزی وزیر داخلہ کا کشمیر کے لوگوں کے ساتھ براہ راست بات چیت ہوگی۔‘‘
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ کئی دیگر سرکاری مصروفیات ہوں گی لیکن تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔لیکن، جہاں تک پارٹی کے پروگراموں کا تعلق ہے، عوامی وفود، یا یہاں تک کہ کاروباری رہنما، دانشور، ان سے مل سکتے ہیں۔ پارٹی کی سرگرمیوں پر سینئر لیڈروں سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا شاہ سرینگر شہر کے عیدگاہ علاقے میں مجوزہ کینسر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، شرما نے کہا کہ پارٹی کے پاس جو معلومات ہیں اس کے مطابق ترقیاتی سرگرمیوں پر ایک سیشن ہے۔انہوں نے کہا کہ شاید کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا اور دیگر ترقیاتی کام بھی ہوں گے۔
اگرچہ پارٹی نے سرکاری طور پر کہا کہ اس دورے کا تعلق انتخابات سے نہیں ہے، بی جے پی لیڈر نے نام لیے بغیر کہا’’وزیر داخلہ شاہ کا دو میگا عوامی ریلیوں سے خطاب ‘مسلم اکثریتی اضلاع سے بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا‘‘۔
لیڈر نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’راجوری اور بارہمولہ دونوں پہاڑی بولنے والے لوگوں کی ایک بڑی آبادی کا گھر ہیں جنہوں نے بی جے پی سے انہیں شیڈولڈ ٹرائب کا درجہ دینے کی بہت امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ پہاڑی برادری سے براہ راست بات کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ راجوری میں اپنی عوامی ریلی کے بعد وزیر داخلہ اسی دن جموں،پونچھ قومی شاہراہ کے ساتھ جموں،اکھنور فلائی اوور اور کئی دیگر کا افتتاح کریں گے۔
رہنما نے کہا کہ شام کو سری نگر روانہ ہونے سے پہلے وہ بی جے پی کے سینئر لیڈروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کریں گے۔
یونین ٹیریٹری میں ووٹر لسٹ کی جاری خصوصی سمری نظرثانی ۲۵ نومبر کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کے ساتھ ختم ہونے والی ہے۔