سرینگر//
حکام نے سرینگر کے گوگجی باغ علاقے میں واقع رمضان ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا ہے اور وہاں تحقیقات مکمل ہونے تک جراحیوں پر پابندی عائد کی ہے ۔
حکام نے یہ اقدام ہسپتال پر صحت کی دیکھ بھال کی سہولت میں مبینہ طور طبی غفلت کے واقعات پیش آنے کے الزامات کے پیش نظر اٹھائے ہیں۔
چیف میڈیکل افسر سری نگر نے ہسپتال پر عائد الزامات کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔
بتادیں کہ۲۵؍اگست کو تھید ہارون سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون‘جس نے رمضان ہسپتال میں دم توڑ دیا تھا، کے اہلخانہ نے ڈاکٹروں پر غفلت بھرتنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ۹ستمبر کو نوگام سری نگر سے تعلق رکھنے والی ایک اور خاتون کے اہلخانہ نے اس ہسپتال کے ڈاکٹروں پر اسی نوعیت کے الزام عائد کئے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کے ایک ترجمان کے مطابق ایک خاتون‘ جس کی مبینہ طبی غفلت سے موت واقع ہوئی ہے ‘کے اہل خانہ کی طرف سے عائد الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک جراحیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کا خیال رکھا جائے گا تاہم جراحیاں نہیں ہوں گی۔