جموں//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں دو الگ الگ حادثات میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت دو افراد از جان ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وکرم چوک جموں میں ایک میٹاڈار نے ایک راہگیر‘ جس کی فوری طورپر شناخت نہیں ہو سکی‘ کو ٹکر ماری جس وجہ سے اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ لاش کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ متوفی جسمانی طورمعزور تھا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
دریں اثنا جموں بس اسٹینڈ کے نزدیک اتوار کی شام ایک تیز رفتار سیمنٹ مکسر نے ٹریفک پولیس اہلکار کو ٹکر ماری ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک پولیس اہلکار معمول کے مطابق ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اسی اثنا میں ایک تیز رفتار سیمنٹ مکسر نے اہلکار کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد میں وہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اس دوران جموں کے ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری علاقے میں پیر کی صبح ایک سڑک حادثے میں دو مسافر لقمہ اجل بن گئے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے ٹھاٹھری علاقے میں پیر کی صبح ایک آلٹو گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
متوفین کی شناخت اجے کمار ولد مہندر سنگھ ساکن چھرنہ اور رنجیت سنگھ ولد سوم لال ساکن جاگوت پھاگسو کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔