بھلا اتنی لمبی اننگ کون کھیلتا ہے؟یہ کچھ زیادہ ہی لمبی اننگ تھی۔نہیں صاحب! ہم کرکٹ کی بات نہیں کررہے ہیں… جانتے ہیں کہ ایشیا کپ جاری ہے اور… اور لوگوں کے سر پر کرکٹ کا بھوت سوار ہے‘ لیکن صاحب ہمارے سر پر نہیں‘ اس لئے ہم کرکٹ میں کھیلنے والی اننگ کی بات نہیں کررہے ہیںاور… اور بالکل بھی نہیں کررہے ہیں ۔ ہم بات کررہے ہیں کوئن الزیبتھ کی جو ۹۶ سال کی ایک لمبی اننگ کھیل کر روز گزشتہ انتقال کر گئیں …انہیں دیکھ کر بہت سارے لوگوں کا خیال تھا کہ شاید سچ میں موت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کہ بھلا کون بادشاہ یا ملکہ ۷۰ برس تک شاہی تخت پر بیٹھا رہا ہے…کس نے اتنی طویل عمر پائی … ملکہ نے کچھ زیادہ ہی طویل پائی تھی… لیکن وہ کہتے ہیں نا کہ موت سے فرار ممکن نہیں ہے… سو زندگی کی ۹۶ بہاریں دیکھنے کے باوجود بھی ملکہ کو جانا ہی پڑا … اپنا سب کچھ اِدھر چھوڑ چھاڑ کر جانا پڑا ۔اور اس لئے جانا پڑا کیونکہ موت کا ذائقہ ہر ایک نے چکھنا ہے …اس میں عمر کی کوئی قید نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… ایک طرف ملکہ الزیبتھ ۹۶ سال میں فوت ہوجاتی ہے … اور دوسری طرف محض ۲۰ سال کی عمر میں ایک لڑکی جموں میں اسٹیج پر ناچتے ہو ئے اللہ میاں کو پیا ری ہو جاتی ہے ۔اور اس لئے ہو جاتی ہے کہ … کہ یہ دنیا جو ہے ‘ وہ ایک عارضی ٹھکانہ ہے ‘ رہنے کی ایک عارضی جگہ ‘ یہ تھوڑی سی مہلت ہے جو اللہ میاں نے انسانوں کو عطا کی ہے اور… اور انسان ہے جو اسے ہی سب کچھ سمجھ بیٹھا ہے … کچھ اس طرح کہ جیسے اسے اسی دنیا میں رہنا ہے… ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ۔ اس لئے وہ اس کی چمک دمک میں کھو جاتا ہے‘ گم ہو جاتا ہے… اور … اور جب وہ خود کو تلاش کر لیتا ہے تو… تو تب وہ بہت آگے نکل چکا ہو تا ہے… تب بہت دیر ہو ئی ہو تی ہے … سچ تو صاحب یہ ہے کہ یہ دنیا ایک دھوکہ ہے‘ چھلاوا ہے‘ فریب ہے اور… اور کچھ نہیں …اور جو کوئی بھی اس دھوکے اور فریب میں آجائے اس سے زیادہ خسارے والا انسان کوئی اور نہیں ہو سکتا ہے… بالکل بھی نہیں ہو تا ہے …لیکن صاحب مسئلہ یہ ہے کہ یہ بات ہر کسی کی سمجھ میں نہیں آتی ہے یا اس بات کو ہر کوئی سمجھنا نہیں چاہتا ہے… بالکل بھی نہیں چاہتا ہے ۔ ہے نا؟