لوزانے// ٹوکیو اولمپک کے گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے چوٹ کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے جمعہ کو لوزانے ڈائمنڈ لیگ میں 89.08 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ جیولن تھرو مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
نیرج اس تھرو کے ساتھ ڈائمنڈ لیگ کا خطاب جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈائمنڈ لیگ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جو 7 اور 8 ستمبر کو زیورخ، سوئٹزرلینڈ کے میں منعقد ہوگا۔ اب وہ 2023 کی عالمی چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کر چکے ہیں۔
نیرج کا پہلا تھرو ان کی بہترین کوشش تھی۔ اس کے بعد انہوں نے دوسری کوشش میں 85.18 میٹر کی دوری پرنیزہ پھینکا، جبکہ تیسری کوشش انہوں نے نہیں کی۔ چوتھی کوشش میں فاؤل کرنے کے بعد نیرج نے پانچویں کوشش کو بھی چھوڑ دیا اور پھر چھٹی کوشش میں 80.04 میٹر کی تھرو کے ساتھ میچ ختم کیا۔
جمہوریہ چیک کے جیکوب والیز نے 85.88 میٹر تھرو کے ساتھ دوسری جبکہ امریکہ کے کرٹس تھامسن نے 83.72 میٹر کے تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
امریکہ کے اوریگون میں اس سال ورلڈ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد نیرج کا یہ پہلا مقابلہ تھا۔ ورلڈ چیمپیئن شپ میں کمر کی انجری کے باعث وہ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں شرکت سے محروم رہے۔
نیرج کی 89.08 میٹر کی کوشش بھی ان کے کیریئر کا بہترین تھرو ہے۔
پانی پت، ہریانہ سے آنے والے نیرج ڈائمنڈ لیگ کا خطاب جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ ساتھ ہی وہ ڈائمنڈ لیگ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے پہلے ہندوستانی بھی ہیں۔