لوگوں کا یہ الزام بالکل غلط ہے ‘ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے ‘بالکل بھی حقیقت نہیں ہے کہ … کہ کانگریسی اپنی جماعت پر کوئی محنت نہیں کرتے ہیں ‘ بالکل بھی نہیں کرتے ہیں۔ ہم اللہ میاں کو حاضر و ناظر جان کر گواہی دیتے ہیں کہ اس الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ کوئی اس بات کا گواہ ہے یا نہیں ‘ لیکن ہم اس بات کے گواہ ہیں ‘ ہم یہ گواہی دینے کیلئے تیار ہیں اور… اور سو فیصد تیار ہیں کہ کانگرنسی اپنی پارٹی پر محنت کررہے ہیں اور… اور خوب کررہے ہیں تاکہ بھارت دیش سچ میں ’کانگریس مکت‘ ہو جائے… بھارت دیش میں کانگریس کا سچ میں نام و نشان نہ رہے اور… اور ہمیں یہ کہنے میں بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ کانگریس اس مشن میں بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ اس مشن کی ایک خاصیت ہے اور… اور وہ یہ ہے کہ بھارت دیش کو ’کانگریس مکت‘ بنانے کا خواب مودی جی اور ان کے امیت بھائی شاہ کا ہے ‘ وہ چاہتے ہیں کہ ملک سے … بھارت دیش سے کانگریس کا نام و نشان نہ رہے ‘ لیکن …لیکن ان کے اس مشن کو کانگریسی ‘ کانگریس کی اعلیٰ قیادت پورا کررہی ہے ۔ اور… اور روز گزشتہ ہم نے کانگریسیوں کی اس ضمن میں ایک اور لیکن بڑی کوشش دیکھ لی جب اس کے ایک سینئر لیڈر‘ غلام نبی آزاد کو ان تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہوتے ہوئے دیکھا جن کا آزاد صاحب کو سربراہ یا ممبر بنایا گیا… وہ بھی ان کی مشاورت سے ۔آزاد صاحب کل کو اگر کانگریس چھوڑ کے جاتے ہیں تو … تو یہ جناب یہ شوق بھی پورا کر سکتے ہیں کہ کوئی انہیں روکنے اور ٹوکنے والا نہیں ہے ۔ بی جے پی اور کانگریس میں ایک نمایاں فرق ہے اور… اور وہ یہ ہے کہ جتنی آسانی سے لوگ بی جے پی میں داخل ہو تے ہیں ‘ اتنی ہی آسانی لوگ کانگریس کو چھوڑ دیتے ہیں… یعنی بغیر کسی روک ٹوک کے لوگ کانگریس کو چھوڑ سکتے ہیں اور… اور اللہ میاں کی قسم کانگریس میں کوئی انہیں روکنے کی‘ ٹوکنے کی کوشش بھی نہیں کرتا ہے… بالکل بھی نہیں کرتا ہے اور… اور اس لئے نہیں کرتا ہے کیونکہ کانگریسی سال بھر محنت کرتے رہتے ہیں… اس بات کی محنت کہ کیسے لوگوں کی اس جماعت سے انخلاء کا راستہ بنا یا جائے ‘اسے ہموار کیا جائے ۔اور… اور یقین کیجئے کہ کل کو اگر راہل بابا بھی کانگریس چھوڑ کربی جے پی میں شامل ہو جائیگا تو… تو اسے بھی روکنے کی کوئی کوشش نہیں ہو گی اور… اور اس لئے نہیں ہو گی کیونکہ کانگریسی محنت کررہے ہیں… بھارت دیش کو ’کانگریس مکت‘ بنانے کی محنت ۔ ہے نا؟