نئی دہلی// ہندوستانی خواتین اور مردوں کی ہاکی ٹیموں نے ہندوستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے سے ایک دن قبل اتوار کو قوم کے نام کچھ دلی پیغام بھیجے۔
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے ہم وطنوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’’میں اپنے ملک کے تمام شہریوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد دینا چاہوں گا۔ یہ ہمارے لیے اور بھی خاص ہے کیونکہ یہ ہمارا 75 واں یوم آزادی ہے۔ ہم نے بحیثیت قوم اور خاص طور پر کھیلوں کے میدان میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں‘‘۔
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا نے بھی اپنے ہم وطنوں کو آزادی کے امرت مہوتسو پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’آزادی کے 75 سال مکمل کرنا ہمارے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں تمام ہندوستانیوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس دن کا لطف اٹھائیں اور یہ بھی دیکھیں کہ ہم کتنی دور آگئے ہیں۔ ہم نے گزشتہ برسوں میں کھیلوں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم یہاں سے مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں‘‘۔
دریں اثنا، مردوں کی ٹیم کے ڈیفینڈر ہرمن پریت سنگھ نے کہا ’’گزشتہ برسوں میں ایک قوم کے طور پر ہماری ترقی کو دیکھنا بالکل شاندار رہا ہے۔ میں یہ دیکھنے کے لیے منتظر ہوں کہ ہم مستقبل میں کتنی دور جا سکتے ہیں۔ ہمارے پاس ہر شعبے میں جو پختہ عزم ہے وہ بے مثال ہے۔ میں ہندوستان کے تمام شہریوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آنے والے چیلنجوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔