ویلنگٹن// نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز راس ٹیلر نے انکشاف کیا ہے کہ آئی پی ایل کے 2011 سیزن کے ایک میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد انہیں راجستھان رائلز کے مالک نے تین چار تھپڑ مارے تھے ٹیلر نے کہا کہ تھپڑ ہنسی کے ماحول میں مارے گئے لیکن یہ مکمل طور پر ’ڈرامہ‘ نہیں تھا ٹیلر نے اپنی سوانح عمری ’بلیک اینڈ وائٹ‘ میں لکھا ’’موہالی میں راجستھان اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ تھا، ہم 195 رنوں کا تعاقب کر رہے تھے، میں صفر پر ایل بی ڈبلیو ہو گیا اور ہم قریب بھی نہیں پہنچے۔ اس کے بعد ٹیم، سپورٹ اسٹاف اور انتظامیہ ہوٹل کے ٹاپ فلور بار میں موجود تھے۔ (شین) وارن کے ساتھ لِز وہاں لِز ہرلی تھیں۔ رائلز کے ایک مالک نے مجھ سے کہا ’راس، ہم نے آپ کو ’دس لاکھ ڈالر اس لئے نہیں دیے کہ تم صفر رن بناؤ‘ اور یہ کہہ کر اس نے میرے منہ پر تین چار تھپڑ رسید کردیئے‘‘۔
انہوں نے کہا ’’وہ ہنس رہے تھے، اور تھپڑ بھی زیادہ تیز نہیں تھے لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ آیا یہ پوری طرح ڈرامہ تھا۔ میں ان حالات میں کوئی مسئلہ پیدا نہیں چاہتا تھا، لیکن میں اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ یہ سب ایک پیشہ ور کھیل کے ماحول میں ہو رہا ہے‘‘۔
آئی پی ایل کے پہلے تین سیزن رائل چیلنجرز بنگلور میں گزارنے کے بعد، ٹیلر کو راجستھان نے دس لاکھ ڈالر میں ٹیم میں شامل کیا تھا۔ ٹیلر نے کہا کہ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت ہونا بہت شاندار تھا، لیکن وہ چوتھی بار بنگلور میں رہنے کو ترجیح دیتے۔