۔۔۔۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر صدارت بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کا دسواں اجلاس، خود کفیل مالیاتی نظام اور تعلیمی اصلاحات پر زور
(ڈی آئی پی آر)
جموں؍۲۷ نومبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) راجوری کو ہنرمندی پر مبنی اور روزگار کے مواقع سے ہم آہنگ نصاب اپنانے کے ساتھ ساتھ مالیاتی طور پر خود کفیل بننے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جمعہ کو لوک بھون میں یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے دسویں اجلاس کی صدارت کی، جس میں تعلیمی اصلاحات، اساتذہ کی بھرتی، تحقیقی سرگرمیوں، داخلوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سمیت مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ یونیورسٹی کا تعلیمی نظام قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی)۲۰۲۰ سے ہم آہنگ کیا جائے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کو فروغ دیا جائے۔
سنہا نے ایگزیکٹو کونسل کو سال میں دو مرتبہ اجلاس منعقد کرنے اور یونیورسٹی کا جلسۂ تقسیم اسناد بروقت منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے ادارہ جاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کیمپس کے امن و ہم آہنگی میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔
ایل جی نے یونیورسٹی میں ادارہ جاتی جوابدہی مضبوط بنانے، قومی سطح کے پروگرام منعقد کرنے اور طلبہ کے ساتھ رابطے کے لیے ’یوا کنیکٹ‘ جیسے اقدامات کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں اساتذہ کی بھرتی، ترقی کے مواقع، داخلہ پالیسی، نئے تعلیمی پروگراموں کے آغاز، تحقیقی مقالات کی اشاعت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال نے ایگزیکٹو کونسل کے سامنے مختلف تجاویز اور ایجنڈا نکات منظوری اور توثیق کے لیے پیش کیے، جنہیں اصولی طور پر منظوری دی گئی۔
کونسل نے جنوری۲۰۲۶ میں منعقدہ گزشتہ اجلاس کی کارروائی پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان، جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امیش رائے، پرنسپل سیکریٹری برائے لیفٹیننٹ گورنر گووند جیسوال، کمشنر سیکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم رام نواس شرما اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو آج لوک بھون میں ثقافتی و سماجی علوم کے ماہر ڈاکٹر سہیل رسول میر کی تصنیف کردہ کتاب پیش کی گئی۔ کتاب میں پہاڑی برادری کی سماجی تنظیم، شناخت اور اسے درپیش مختلف چیلنجوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
اس میں سماجی اور بشریاتی مباحث کے تناظر میں اس قبیلے کی زندگی اور مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔










