سرینگر؍۱۲ نومبر
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے تجرباتی قیام کو مستقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ اور جنوبی کشمیر میں رابطے کے لیے اس اسٹیشن کی اہمیت کا حوالہ دیا ہے۔
مرکزی وزیر ریلوے کے نام تحریر کردہ ایک مکتوب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس کا حالیہ تجرباتی قیام عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے اور اس سے مسافروں کی سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
یہ مکتوب جنوبی کشمیر کے مسافروں کے لیے جدید اور تیز رفتار ریل سروس تک بہتر رسائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے تناظر میں لکھا گیا ہے، خصوصاً ان مسافروں کے لیے جو وادی اور جموں کے درمیان سفر کرتے ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اننت ناگ ایک اہم تجارتی اور سفری مرکز ہے، جو کئی ملحقہ اضلاع کی بڑی آبادی کی ضروریات پوری کرتا ہے۔ ان کے مطابق، یہاں وندے بھارت ایکسپریس کا مستقل قیام بڑی تعداد میں مسافروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے مکتوب میں لکھا، ’’اننت ناگ جنوبی کشمیر کا ایک اہم تجارتی اور سفری مرکز ہے، جو کئی ملحقہ اضلاع کی ایک بڑی آبادی کو خدمات فراہم کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا مستقل قیام نہ صرف مسافروں کے لیے ریل خدمات تک رسائی کو بہتر بنائے گا بلکہ خطے میں تجارت، سیاحت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا۔
جموں اور سری نگر کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس سروس کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں ریلوے رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے اس سروس کو رابطوں کی بہتری اور خطے میں معاشی ترقی و خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کرنے کی سمت ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
تاہم، وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے رابطوں میں بہتری کے ثمرات جنوبی کشمیر کے مسافروں تک بھی پہنچنے چاہئیں، جہاں اننت ناگ ایک اہم سفری مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔
اننت ناگ میں ٹرین کے تجرباتی قیام کا حوالہ دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اسے مستقل حیثیت دینا عوامی مفاد کا ایک اہم معاملہ ہے۔
وزیرا علیٰ نے مکتوب میں لکھا، ’’لہٰذا، میں آپ سے ذاتی مداخلت کی درخواست کرتا ہوں کہ جنوبی کشمیر کے عوام کی حقیقی ضروریات اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر تجرباتی قیام کو مستقل قیام میں تبدیل کیا جائے۔‘‘
عمرعبداللہ کی اس درخواست کے بعد معاملہ مرکزی وزارت ریلوے کے زیر غور آئے گا، جسے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا تجرباتی قیام کو ٹرین کے مستقل اوقاتِ کار میں شامل کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔تاہم، مکتوب میں وزارت ریلوے کی جانب سے اس قیام کو مستقل کرنے کے حوالے سے کسی فیصلے کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










