سرینگر؍۱۱ نومبر
چیف الیکٹورل آفیسر، یو ٹی لداخ نے میونسپل انتخابات کے پیش نظر ضابطۂ اخلاق نافذ رہنے کے دوران لیہہ اور کرگل کی میونسپل حدود میں تمام سیاسی دھرنوں، احتجاجی مظاہروں، دھرنوں، ریلیوں اور دیگر اجتماعی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
آج جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق یہ پابندی لیہہ اور کرگل کی میونسپل کمیٹیوں کے انتخابی عمل کی تکمیل تک نافذ رہے گی۔
واضح رہے کہ چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے۲۳؍ اکتوبر۲۰۲۶کو لیہہ اور کرگل کی میونسپل کمیٹیوں کے ارکان کے انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے ساتھ ہی ضابطۂ اخلاق نافذ ہوگیا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنا ضابطۂ اخلاق کا بنیادی تقاضا ہے اور ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جاسکتی جس سے ووٹروں میں خوف و ہراس پیدا ہو یا ان پر کسی قسم کا دباؤ ڈالا جائے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ضابطۂ اخلاق کے دوران سیاسی دھرنوں، احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، بھوک ہڑتالوں اور دیگر اجتماعی سرگرمیوں کے انعقاد سے ووٹروں کو متاثر کرنے، امن و قانون کی صورت حال خراب ہونے اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے ماحول پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔
جموں و کشمیر میونسپل ایکٹ۲۰۰۰کی دفعہ۲۸۲؍اور جموں و کشمیر میونسپل کمیٹی (انتخابات) قواعد۲۰۰۳کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر نے ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت، امیدوار، کارکن، حامی یا دیگر شخص لیہہ اور کرگل کی میونسپل حدود میں ایسے کسی دھرنے، احتجاجی مظاہرے، ریلی، بھوک ہڑتال یا اجتماعی سیاسی سرگرمی کا انعقاد نہیں کرے گا اور نہ ہی اس میں حصہ لے گا جس سے انتخابات کا پُرامن انعقاد متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ان کے نمائندوں کو ضابطۂ اخلاق کی دفعات پر سختی سے عمل کرنے اور ایسی کسی سرگرمی سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس سے ووٹروں کو خوفزدہ کیا جائے، ان پر دباؤ ڈالا جائے یا انہیں کسی مخصوص فیصلے پر مجبور کیا جائے۔
ضلع الیکشن افسران (ڈپٹی کمشنرز) لیہہ اور کرگل، دونوں اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین اور ضابطۂ اخلاق کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ضلع الیکشن افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پرنٹ اور الیکٹرانک ذرائع ابلاغ کے ذریعے حکم نامے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں اور میونسپل کمیٹیوں کے دفاتر، ڈپٹی کمشنروں کے نوٹس بورڈز اور دیگر نمایاں عوامی مقامات پر اس کی نقول آویزاں کریں۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی غیر ترمیم شدہ جموں و کشمیر میونسپل ایکٹ۲۰۰۰؍اور جموں و کشمیر میونسپل کمیٹی (انتخابات) قواعد۲۰۰۳کے تحت انتخابی عمل کی شفافیت برقرار رکھنے کے مقصد سے عائد کی گئی ہے۔
اس دوران لداخ کے رکن پارلیمان محمد حنیفہ نے بدھ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے اپیل کی کہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں (ایل اے ایچ ڈی سی) کے مجوزہ انتخابات ملتوی کیے جائیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں سخت موسمی حالات، مقامی باشندوں اور طلبہ کی موسمی نقل مکانی اور انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے لیے ناکافی وقت کو وجہ قرار دیا۔
مرکزی وزیر داخلہ کو بھیجے گئے ایک تفصیلی مکتوب میں محمد حنیفہ نے انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوگا کہ انتخابات مئی کے بعد منعقد کیے جائیں، جب موسمی حالات نسبتاً سازگار ہوں گے اور زیادہ سے زیادہ ووٹروں کی شرکت یقینی بنائی جاسکے گی۔
رکن پارلیمان نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر اور یو ٹی انتظامیہ کے سامنے بھی اسی نوعیت کے خدشات رکھے ہیں۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے لداخ کے آٹھ اضلاع میں۱۰۰؍انتخابی حلقوں کی حد بندی کا عمل مکمل کرلیا ہے جبکہ خواتین کے لیے۳۳ فیصد نشستیں مخصوص کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
حتمی انتخابی فہرستیں۱۰ نومبر کو جاری کی جانی تھیں، تاہم لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کے لیے تاحال کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔
بلند پہاڑی علاقے کے جغرافیائی اور موسمی چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہوئے محمد حنیفہ نے کہا کہ موسم سرما کے دوران شدید سردی، بھاری برفباری اور سڑکوں کی بندش سے آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں کئی دور دراز دیہات کا رابطہ منقطع ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں ووٹروں، بالخصوص بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افراد کو اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










