سرینگر؍۱۱ نومبر
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں بدھ کے روز موٹر دہشت گردوں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک چوکی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ حملہ دوپہر تقریباً۲ بج کر۱۵ منٹ پر میر بازار کے قریب پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی گئی۔
زخمی اہلکاروں کو ضلع اننت ناگ کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق ایک اہلکار کے پیٹ میں گولی لگی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر دو اہلکار نسبتاً معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک کے بازو پر گولی چھو کر گزری، جبکہ دوسرے کے پاؤں میں گولی لگی ہے۔
اسپتال سے سامنے آنے والی تصاویر میں زخمی اہلکاروں کو اسٹریچروں پر منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ طبی عملہ فوری طور پر ان کے علاج کے لیے سرگرم نظر آیا۔
حملے کے فوراً بعد علاقے میں اضافی حفاظتی رکاوٹیں قائم کی گئیں اور بکتر بند گاڑیوں میں سوار سلامتی اہلکاروں کو جائے واردات کے قریب تعینات دیکھا گیا۔ ایمبولینسوں کے سائرن کے درمیان اضافی نفری بھی علاقے میں روانہ کی گئی، جبکہ لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے مقامی لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی بدھ کے روز کولگام میں موجود تھے، تاہم وہ حملے کے مقام کے قریب نہیں تھے۔
سی آر پی ایف کی چوکی پر حملے کے دوران درجنوں گولیاں چلنے کی آواز اور واقعے کے بعض مناظر ایک سکیورٹی کیمرے میں ریکارڈ ہوگئے ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ابتدائی طور پر محض۱۵ سیکنڈ کے دوران تقریباً۳۰گولیاں چلنے کی آواز سنائی دیتی ہے۔ اس کے بعد اگلے ایک منٹ کے اندر مزید تقریباً ایک درجن گولیوں کی آواز بھی ریکارڈ ہوئی ہے۔ فوٹیج میں گولیوں کی فائرنگ کے دوران چھوٹے پتھر یا ان کے ٹکڑے گرتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
فوٹیج کے ابتدائی حصے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار دکانوں کی ایک قطار کے سامنے بیٹھا ہوا نظر آتا ہے۔ بظاہر فائرنگ اس کے دائیں جانب سے ہوتی ہے، جہاں سے کچھ دیر بعد ایک اور اہلکار دوڑتا ہوا کیمرے کے دائرے میں داخل ہوتا ہے۔
بعد ازاں دونوں اہلکار مشین گنوں سے مسلح ہوکر اس جانب واپس جاتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جہاں سے فائرنگ کی آوازیں آ رہی تھیں۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں کچھ افراد کی چیخ و پکار اور بظاہر حملہ آوروں کو للکارنے کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔
دریں اثنا، کولگام پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کردیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حملے میں ملوث افراد نے ایونجرز موٹر سائیکل استعمال کی تھی۔ پولیس نے ان دعوؤں کو غلط اور مصدقہ حقائق کے منافی قرار دیا۔
پولیس کے ایک بیان کے مطابق، تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ موٹر سائیکل کیموہ کے رہائشی محمد یوسف کے بیٹے یاسر یوسف کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور اسے اس کا بھائی شوکت یوسف استعمال کر رہا تھا۔
پولیس نے مزید وضاحت کی کہ شوکت یوسف واقعے کے مقام کے قریب اپنی خاندانی اراضی پر قائم ایک نرسری میں کام کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر موٹر سائیکل کو حملہ آوروں سے جوڑنے کے دعوے گمراہ کن ہیں اور ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
ادھر پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ صرف مصدقہ اطلاعات پر انحصار کریں اور سوشل میڈیا پر افواہوں یا گمراہ کن مواد کی تشہیر سے باز رہیں۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی‘ جموں و کشمیر بی جے پی صدر ست شرما نے اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر وویک بالی نے بدھ کے روز ضلع کولگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے کی شدید مذمت کی، جس میں تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ انہوں نے اس حملے کو خطے کے امن اور استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس طرح کے پُرتشدد واقعات ناقابلِ قبول ہیں اور ان کی غیر مبہم الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔
پی ڈی پی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ان کاکہنا تھا’’ اس طرح کے پُرتشدد واقعات ناقابلِ قبول ہیں اور ان کی واضح الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے‘‘۔
محبوبہ نے زخمی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے معاشرے میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہو سکتی جو پائیدار امن، استحکام اور وقار کا خواہاں ہو۔
جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر اور رکن پارلیمان ست شرما نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور اس کے سرپرستوں کو بھارت کی جانب سے سخت اور غیر متزلزل جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شرما نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں اور بڑھتے ہوئے اندرونی بحرانوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کا سہارا لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوششیں نہ تو بھارت کے عزم کو کمزور کر سکتی ہیں اور نہ ہی اس کے عوام کو خوفزدہ کر سکتی ہیں۔
ست شرما نے کہا، ’’ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے لیے کوئی برداشت نہیں ہوگی، دہشت گردوں کو کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ملے گی اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کو فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔‘‘
وویک بالی، ریاستی صدر، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے بھی حملے کی شدید مذمت کی اور خطے میں امن و استحکام کو بگاڑنے کی مسلسل کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بالی نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز پر اس طرح کے بزدلانہ حملے انتہائی قابل مذمت ہیں اور ان لوگوں کی مایوسی کو ظاہر کرتے ہیں جو جموں و کشمیر میں امن اور معمول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور قوم کی حفاظت میں ان کی جرات، لگن اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔(ندائے مشرق خبر)










