جموں و کشمیر میں بے روزگاری کا مسئلہ پہلے ہی ایک سنگین سماجی اور معاشی چیلنج کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ ایسے حالات میں جموں و کشمیر بینک کی جانب سے ۱۳۵۶ اسامیوں پر بھرتی کا اعلان یقیناً تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ کئی برسوں سے روزگار کے مواقع کے منتظر نوجوانوں نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا، لیکن بھرتی کے لیے عمر کی بالائی حد ۳۰ سال مقرر کیے جانے نے اس خوشی کو تشویش میں بدل دیا ہے۔
سوال یہ ہے کہ جب خطے میں بے روزگاری کی صورتحال اس قدر سنگین ہے اور سرکاری محکموں میں اوپن میرٹ امیدواروں کے لیے عمر کی بالائی حد ۴۰ سال تک رکھی جاتی رہی ہے تو جموں و کشمیر بینک نے اپنے امیدواروں کے لیے یہ حد ۳۰ سال کیوں مقرر کی ہے؟
بینک کی جانب سے مشتہر کردہ ۱۳۵۶ ؍اسامیوں میں ۳۲۳ پروبیشنری آفیسر اور ۱۰۳۳ بینکنگ ایسوسی ایٹ کی اسامیاں شامل ہیں۔ بلاشبہ یہ ایک بڑا بھرتی عمل ہے اور اس سے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار ملنے کی امید ہے۔ تاہم عمر کی موجودہ شرط کے باعث ایسے ہزاروں امیدوار اس عمل میں حصہ لینے سے محروم ہوجائیں گے جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد برسوں سے ملازمت کے مواقع کا انتظار کررہے ہیں۔ ان میں ایسے نوجوان بھی شامل ہیں جنہوں نے مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری میں اپنی زندگی کے قیمتی سال صرف کیے، لیکن بھرتیوں میں تاخیر اور مواقع کی کمی کے باعث اب ۳۰ سال کی عمر عبور کرچکے ہیں۔
یہاں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ امیدواروں کی عمر میں اضافے کی وجہ ہمیشہ ان کی اپنی تاخیر یا عدم دلچسپی نہیں ہوتی۔ جموں و کشمیر میں سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں بھرتی کے عمل میں طویل وقفے، محدود اسامیاں اور غیر یقینی صورتحال نوجوانوں کو مسلسل انتظار پر مجبور کرتی رہی ہے۔ ایسے میں عمر کی سخت پابندی عائد کرکے انہیں روزگار کے ایک اہم موقع سے محروم کرنا ان کے ساتھ ناانصافی کے احساس کو مزید گہرا کرسکتا ہے۔
جموں و کشمیر بینک محض ایک عام تجارتی ادارہ نہیں ہے۔ خطے کی معیشت، کاروباری سرگرمیوں اور مالیاتی نظام میں اس کا ایک نمایاں مقام ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر حکومت اس بینک میں اکثریتی حصہ داری رکھتی ہے۔ ۳۱ مارچ ۲۰۲۶ تک جموں و کشمیر اور لداخ حکومتوں کی مجموعی حصہ داری ۵۹ اعشاریہ ۴۰ فیصد تھی۔ اس حقیقت کے پیش نظر عوامی حلقوں کی یہ توقع بے جا نہیں کہ بینک اپنی بھرتی پالیسی مرتب کرتے وقت خطے کے معاشی حالات، بے روزگاری کی شرح اور حکومت کی روزگار پالیسی کو بھی پیش نظر رکھے۔
یہ درست ہے کہ جموں و کشمیر بینک ایک کمپنی کے طور پر کمپنیز ایکٹ، بینکاری قوانین اور ریزرو بینک آف انڈیا کے ضوابط کے تحت کام کرتا ہے اور بھرتی سے متعلق فیصلے اس کے مجاز بورڈ اور متعلقہ حکام کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ تاہم اس ادارہ جاتی خودمختاری کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ عوامی مفاد اور مقامی نوجوانوں کے مسائل کو نظرانداز کردیا جائے۔ حکومت بطور اکثریتی حصص دار بینک کے بورڈ میں اپنی نمائندگی اور دستیاب قانونی ذرائع کے ذریعے اس معاملے کو اٹھا سکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس اختیار کو نوجوانوں کے مفاد میں استعمال کیا جائے۔
سی پی آئی (ایم) کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی، پی ڈی پی کے رکن اسمبلی وحید الرحمٰن پرہ اور آغا روح اللہ مہدی کی جانب سے بھی عمر کی بالائی حد میں اضافے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ان رہنماؤں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ جب جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کی کئی بھرتیوں میں اوپن میرٹ امیدواروں کے لیے عمر کی حد ۴۰ سال تک رکھی جاتی ہے تو بینک کی بھرتی میں ۳۰ سال کی پابندی کا جواز کیا ہے؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس پر بینک انتظامیہ کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۲۳-۲۴ میں جموں و کشمیر میں ۱۵ سے ۲۹ سال کی عمر کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح ۱۷ اعشاریہ ۴ فیصد تھی۔ یہ اعداد و شمار نوجوانوں کو درپیش روزگار کے مسائل کی سنگینی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ۳۰ سے ۴۰ سال کی عمر کے ان بے روزگار افراد کی تعداد بھی ایک اہم سوال ہے جو طویل عرصے سے ملازمت کے منتظر ہیں اور جن کے لیے روزگار کے مواقع مسلسل محدود ہوتے جارہے ہیں۔
جموں و کشمیر بینک کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بھرتی کا مقصد صرف خالی اسامیاں پُر کرنا نہیں بلکہ اہل اور باصلاحیت امیدواروں کو منصفانہ مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ عمر کی حد میں اضافہ کرنے سے نہ تو میرٹ متاثر ہوگا اور نہ ہی انتخابی عمل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ ہوگا۔ امیدواروں کی اہلیت کا فیصلہ ان کی تعلیمی قابلیت، امتحانی کارکردگی اور دیگر مقررہ شرائط کی بنیاد پر ہی کیا جاسکتا ہے۔ عمر کی بالائی حد ۴۰ سال کرنے سے صرف مقابلے میں حصہ لینے والوں کا دائرہ وسیع ہوگا اور ان افراد کو بھی اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع ملے گا جو موجودہ شرط کے باعث باہر رہ گئے ہیں۔
بینک انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی تشویش کو محض ایک مطالبہ سمجھ کر نظرانداز نہ کرے بلکہ موجودہ عمر کی شرط پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے کم از کم ۴۰ سال مقرر کرنے پر غور کرے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ بطور اکثریتی حصص دار اس معاملے کو بینک کے متعلقہ فورم پر اٹھائے اور نوجوانوں کے حق میں اپنا کردار ادا کرے۔ روزگار کے مواقع پہلے ہی محدود ہیں، ایسے میں اہلیت رکھنے والے امیدواروں کے لیے عمر کی ایک غیر ضروری رکاوٹ برقرار رکھنے کے بجائے انہیں مقابلے کا منصفانہ موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔ آخرکار کسی بھی ادارے کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ اپنے خطے کے لوگوں کی امیدوں اور ضرورتوں کو بھی اپنی پالیسیوں میں جگہ دے۔






