سری نگر؍ ۶ نومبر
جموں و کشمیر پولیس کی کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) ونگ نے جمعہ کے روز دہشت گردانہ بھرتی کے ایک معاملے کے سلسلے میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں ۶ مقامات پر چھاپے مار کر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سی آئی کے کی ٹیموں نے وسطی کشمیر کے بڈگام اور سری نگر کے علاوہ جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ اور مٹن (اننت ناگ) سمیت ضلع پلوامہ کے ایک گاؤں میں رہائشی مکانات کی تلاشی لی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائیاں مقامی پولیس اور محکمہ مال کے افسران کے اشتراک سے انجام دی گئیں، جبکہ اس دوران مجسٹریٹ بھی موجود تھے۔
ایک افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سی آئی کے سری نگر میں ایف آئی آر نمبر ۰۷/۲۰۲۳ کے تحت درج مقدمہ ایک مبینہ دہشت گردانہ بھرتی نیٹ ورک سے متعلق ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعے نوجوانوں کو ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب راغب کرنے اور انہیں بھرتی کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
افسر کے مطابق تحقیقات کا آغاز ان خفیہ اطلاعات کے بعد کیا گیا تھا جن میں انکشاف ہوا کہ پاکستان میں مقیم بعض افراد مبینہ طور پر لشکر طیبہ اور دیگر ممنوعہ تنظیموں کے ہینڈلرز کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کا استعمال کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسانے اور ملک کی خودمختاری و سالمیت کے خلاف اکسانے کی کوشش کررہے تھے۔
حکام نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کسی بھی قسم کی برآمدگی یا گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )









