برازیلیا، 5 نومبر (یواین آئی): برازیل میں انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میچ کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کے بعد ریفری نے مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈ دکھا دیے، جسے فٹبال کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
وہ واقعہ ریاست میناس گیریس میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں پیش آیا۔ ریفری نے 43 کھلاڑیوں اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان کو میدان سے باہر کردیا۔
ریفری کی رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے، جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔ اس واقعے سے پہلے بھی تین کھلاڑی ریڈ کارڈ دیکھ چکے تھے۔
ہنگامہ آرائی کے دوران اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی ہوئی، جس کے بعد پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ میچ تقریباً 40 منٹ تک رکا رہا اور بالآخر ریفری نے مقابلہ ختم کردیا۔
اس سے قبل 2011 میں ارجنٹائن کے ایک فٹبال میچ میں 36 ریڈ کارڈ دکھائے گئے تھے۔ اوبرلینڈیا نے بعد میں سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کا میچ کھیلنے سے دستبرداری اختیار کرلی اور مامورے کو فائنل میں رسائی دے دی۔






