سری نگر؍۵نومبر
وادی کشمیر میں جمعرات کو بیشتر وقت مطلع ابر آلود رہا، جس کے باعث سردی میں قدرے اضافہ ہوا اور لوگوں کو موسم سرما کی آہٹ محسوس ہونے لگی۔ سورج نے بادلوں کی اوٹ سے نکلنے کی کوشش کی، لیکن بادلوں اور ٹھنڈ کا پلڑا بھاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک کمزور مغربی ہوا کے داخل ہونے سے جمعرات کو وادی میں مطلع ابر آلود رہا۔ ان کے مطابق۶ سے۹ نومبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس کے بعد ایک اور مغربی ہوا کے داخل ہونے سے۱۰؍اور۱۱ نومبر کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ اس دوران خاص طور پر۱۰ نومبر کی شام سے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ متوقع ہے، جس سے سردی بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ۱۰ نومبر تک زرعی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھ سکتے ہیں، جبکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
ادھر وادی میں سردی میں بتدریج اضافے کے ساتھ ہی لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ پہننا شروع کر دیا ہے اور کانگڑیوں کی خرید و فروخت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










