جموں؍ ۵ نومبر
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو دہشت گرد نیٹ ورکس، انتہا پسندی اور امن و قانون کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے پولیس، محکمہ جیل خانہ جات اور خفیہ ایجنسیوں کے درمیان ایک متحد اور مربوط نظام قائم کرنے پر زور دیا۔
یہاں لوک بھون میں محکمہ جیل خانہ جات کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے منوج سنہا نے جیلوں کے مؤثر انتظام پر زور دیا اور متعلقہ اداروں کے درمیان باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے اور خفیہ معلومات کا تبادلہ یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جیلوں کے احاطے اور گردونواح میں اچانک معائنوں کے علاوہ ضبط کیے گئے الیکٹرانک آلات کا فرانزک تجزیہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس میں جموں و کشمیر کی جیلوں میں حفاظتی انتظامات اور انتظامی طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جیلوں کے اندر مخصوص انٹیلی جنس یونٹس قائم کرنے، تمام جیلوں میں بایومیٹرک نظام متعارف کرانے، قیدیوں کے لیے ٹیلی میڈیسن سہولیات میں توسیع اور محکمہ میں افرادی قوت کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع کٹھوعہ کے مہان پور میں زیر تعمیر ہائی سکیورٹی جیل کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو مقررہ مدت کے اندر باقی کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں ڈی جی پی نلن پربھات، ڈی جی جیل خانہ جات دیپک کمار، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ چندراکر بھارتی، اسپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گلانی، اے ڈی جی سی آئی ڈی ایم کے سنہا، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری گووند جیسوال، ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی بی جموں و کشمیر و لداخ پنکج کمار ٹھاکر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔(ڈی آئی پی آر)









