سنہا کا اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات، مشترکہ تعلیمی وسائل، تحقیق اور نصاب میں مصنوعی ذہانت و مقامی زبانوں کی شمولیت پر زور دیا
(ویب ڈیسک)
جموں؍ ۴ نومبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کی یونیورسٹیوں کو چھ ماہ کے اندر ’’ڈیزائن یور ڈگری‘‘ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کونسل کے اقدامات کو اب ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے تعلیمی وسائل کے مؤثر استعمال، تحقیق و جدت کے فروغ اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کو لوک بھون میں جموں و کشمیر اعلیٰ تعلیم کونسل (جے کے ایچ ای سی) کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کے لیے لائحۂ عمل تیار کرنے، تعلیمی معیار بہتر بنانے اور اداروں کو مستقبل کے چیلنجوں اور نئے مواقع کے لیے تیار کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی کریڈٹ اور وسائل کے تبادلے، قومی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ اور ’’ڈیزائن یور ڈگری‘‘ کے تقاضوں کے مطابق انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کی تشکیلِ نو جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔ اس کے علاوہ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ نصاب میں مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ اور ڈیٹا سائنس کو شامل کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کے طریقۂ کار پر بھی غور کیا گیا۔
منوج سنہا نے تعلیمی اصلاحات کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یونیورسٹیوں کو تعلیمی کریڈٹ، تحقیقی تجربہ گاہوں اور دیگر وسائل ایک دوسرے کے ساتھ مشترک کرنے کی تلقین کی۔
سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کو جامع، ہمہ گیر اور دور اندیش نظام میں تبدیل کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کونسل کے اقدامات کو ٹھوس کامیابیوں میں تبدیل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر طالب علم کو وسائل کے نتیجہ خیز استعمال سے فائدہ پہنچے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹیوں کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی سطح پر بنیادی تبدیلیوں اور طویل مدتی حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔
ایل جی نے تعلیمی پروگراموں میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش پیش رہنا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی پروگراموں میں مقامی زبانوں اور ثقافتوں کو مناسب جگہ دی جائے۔
جے کے ایچ ای سی کے وائس چیئرمین پروفیسر دنیش سنگھ نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ نصاب کو ’’ڈیزائن یور ڈگری‘‘ کے خاکے کے مطابق ڈھالنے کے لیے پالیسی ہدایات جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کونسل کے وائس چانسلروں اور ارکان نے ڈیزائن یور ڈگری پروگرام اور قومی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے جاری اقدامات، انجینئرنگ کچنز، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے پروگراموں، بجٹ میں مختص رقوم اور فنڈز کی تقسیم کے طریقۂ کار میں اصلاحات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔










