سرینگر؍۲۷؍اکتوبر
جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے منگل کو کہا کہ وہ ان ارکان اسمبلی کے ساتھ کھڑے رہیں گے جنہیں کابینہ میں جگہ نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کابینہ سے باہر رہ جانے والے ارکان کے آنسو پونچھیں گے۔
نئے شامل کیے گئے وزراء کو مبارک باد دیتے ہوئے شرما نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران امید ظاہر کی کہ نومنتخب وزراء جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت خلوص کے ساتھ کریں گے اور سیاسی اختلافات میں الجھنے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں گے۔
حزب اختلاف کے لیڈر نے کہا، ’’میں نئے مقرر کیے گئے وزراء کو مبارک باد دیتا ہوں۔ انہیں جموں و کشمیر کے عوام کے لیے محنت سے کام کرنا چاہیے اور حکومت جس سیاسی کشمکش میں اس وقت پھنسی ہوئی ہے، اس سے نکل کر عام لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے۔‘‘
کابینہ میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے ارکان اسمبلی کا ذکر کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی مایوسی دور کریں، تاہم وہ خود بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
شرما نے کہا، ’’میں ان کے آنسو پونچھوں گا، لیکن ان آنسوؤں کو پونچھنا عمر صاحب کی ذمہ داری ہے۔ ہم بھی ان کے آنسو پونچھیں گے۔‘‘
حکومت کے اندر اختلافات کی اطلاعات اور اس کے گرنے کے امکان سے متعلق سوال پر شرما نے لوگوں کو جلد بازی میں کسی نتیجے پر پہنچنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب کو ابھی بمشکل ایک گھنٹہ ہی گزرا ہے۔انہوں نے مزید کہا، ’’صبر سے کام لیں، جلد بازی نہ کریں۔‘‘
نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنماؤں علی محمد ساگر، میر سیف اللہ، شمیم فردوس اور الطاف احمد کلو کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
نیشنل کانفرنس نے چھمب سے آزاد رکن اسمبلی ستیش شرما کو کابینہ سے باہر کردیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور جاوید رانا جموں خطے سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے واحد دو وزراء رہ گئے ہیں، جبکہ آٹھ وزراء کا تعلق وادی کشمیر سے ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )







