سرینگر؍۲۷؍اکتوبر
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے منگل کو واضح کیا کہ ان کی جماعت عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کانگریس کا موقف گزشتہ دو برس سے واضح ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابینہ میں توسیع کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے قرہ نے کہا کہ آج کابینہ میں توسیع ہوئی اور جن افراد کو منتخب کیا گیا، انہوں نے عہدے کا حلف اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کا موقف واضح ہے کہ وہ جموں و کشمیر کی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی۔
قرہ نے کہا، ’’ہم گزشتہ دو برس سے کہہ رہے ہیں کہ ہم کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے۔ کانگریس کابینہ میں کیوں شامل نہیں ہورہی، اس کی بار بار وضاحت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے میں تاخیر کے خلاف احتجاجاً کانگریس نے عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قرہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جب تک جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقہ رہے گا، کانگریس کوئی بھی وزارتی عہدہ قبول نہیں کرے گی۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )







